حلب میں جنگی طیاروں کی مسجد پر بمباری‘ 42 نمازی ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 17 مارچ 2017 10:01

حلب میں جنگی طیاروں کی مسجد پر بمباری‘ 42 نمازی ہلاک اور درجنوں زخمی ..
دمشق(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔17 مارچ۔2017ء) شام کے شہر حلب میں جنگی طیاروں نے جنوب مشرقی قصبے الجنہ میں ایک مسجد کو نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں 42 نمازی ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔برطانیہ میں قائم شام کے انسانی حقوق کے ایک نگراں گروپ نے بتایا کہ حملے کی زد میں آنے والا قصبہ عتارب کے نزدیک واقع ہے۔جیٹ طیاروں نے ایک ایسے وقت میں مسجد پر حملہ کیا جب وہ شام کے وقت نمازیوں سے بھری ہوئی تھی۔

گروپ اپنے نیٹ ورک کے ذریعے شام کی جنگ کی صورت حال پر نظر رکھتا ہے۔یہ قصبہ شام کے شمال مغرب میں باغیوں کے کنٹرول کے اہم علاقوں میں شامل ہے۔ صوبہ ادلیب اور صوبہ حلب کے مغربی حصے بھی اسی علاقے میں ہیں۔اقوام متحدہ کے امدادی اداروں کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں بڑے پیمانے پر پناہ گزینوں کی آمد کی وجہ سے آبادی میں بہت اضافہ ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

شام اور روس کے جنگی طیارے جنگ کے دوران ادلیب اور حلب کے صوبوں میں بم گراتے رہے ہیں۔حالیہ مہینوں میں امریکہ بھی ایک جہادی گروپ کو ہدف بنا کر فضائی حملے کرتا رہا ہے۔ یہ گروپ پچھلے سال تک القاعدہ کی ایک شاخ کے طور پر کام کر رہا تھا۔شمال مغربی علاقے کے باغی جنگجو صدر بشارالاسد کو اقتدار سے الگ کرنے لیے جنگ کر رہے ہیں۔ انہیں ترکی، امریکہ اور خلیجی ریاستوں کی حمایت بھی حاصل ہے۔


متعلقہ عنوان :