وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز کی مشیر برطانوی نیشنل سیکورٹی سرمارک لائل گرانٹ سے ملاقات،پاکستان برطانیہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا

جمعہ 17 مارچ 2017 01:11

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2017ء) وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے جمعرات کو مشیر برطانوی نیشنل سیکورٹی سرمارک لائل گرانٹ سے لندن میں ان کے دفتر میں ملاقات کی اور پاکستان برطانیہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ سرتاج عزیز جو دولت مشترکہ وزارتی ایکشن گروپ کے 50ویں اجلاس میں شرکت کیلئے برطانیہ کے دورہ پر ہیں، نے برطانیہ کی نیشنل سیکورٹی کے مشیر سے سیکورٹی، انسداد دہشتگردی، سرمایہ کاری، تجارت، ڈویلپمنٹ اور امن سمیت مختلف امور پر بات چیت کی۔

لندن میں پاکستان کے ہائی کمیشن کی طرف سے موصول ہونے والے پیغام کے مطابق ملاقات میں افغانستان کی صورتحال کو بھی زیر بحث لایا گیا۔ دونوں رہنمائوں نے پاک برطانیہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر غور کیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں سٹریٹجک ڈائیلاگ کے تحت دونوں ملکوں کے مابین تجارت، سیکورٹی اور ثقافتی تعاون کے روڈ میپ پر بھی اتفاق کیا گیا۔ مشیر امور خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے کی جانے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تفصیلی بات چیت کی اور کہا کہ بین الاقوامی برادری کو اس سلسلہ میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ مشیر برطانوی نیشنل سیکورٹی مارک لائل گرانٹ نے خطہ میں امن اور سیکورٹی کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔