سینئر فوٹوجرنلسٹ محمد جاوید انتقال کرگئے، سیاسی و سماجی شخصیات اور صحافتی تنظیموں کے رہنمائوں کا افسوس کا اظہار

جمعہ 17 مارچ 2017 00:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 مارچ2017ء)انا للہ و انا الیہ راجعون ، سینئر فوٹوجرنلسٹ محمد جاوید انتقال کرگئے، سیاسی و سماجی شخصیات اور صحافتی تنظیموں کے رہنمائوں نے ان کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی موت کو فوٹو جرنلز م کے لئے بڑا نقصان قرار دیاہے۔تفصیلات کے مطابق ممتاز انگریزی اخبا ر سے وابستہ اور فوٹو جرنلزم کے درخشاں ستارے محمد جاوید کینسر جیسے موذی مرض سے طویل جنگ لڑنے کے بعد جمعرات کو زندگی کی بازی ہار گئے ۔

(جاری ہے)

وہ دیگر صحافتی ادارو ں کے ساتھ ساتھ ابتدا ء میں معروف خبررساں ادارے آئی این پی کے ساتھ بھی منسلک رہے اور اس عرصے کے دوران انہوں نے ادارے کی بہتری کیلئے دن رات ایک کردیا ۔ وہ انتہائی سنجید ہ ، محنتی اور دوسروں کی مشکلات کا احساس کرنے وا لے تھے ۔ انہوں نے پسماندگان میں ایک بیوہ ، ایک بیٹا اور ایک بیٹی چھوڑی ہے ۔ تمام صحافتی برادری ، سیاسی و سماجی شخصیات نے ان کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی موت کو فوٹو جرنلز م کے لئے بڑا نقصان قرار دیاہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔