چیف سیکرٹری بلوچستان شعیب میر سرکاری مصروفیات ترک کر کے مغوی سیکرٹری عبداللہ جان کی رہائش گاہ پر پہنچ گئے،عبداللہ جان کی باحفاظت بازیابی کے لیے حکومت کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی،شعیب میر

جمعرات 16 مارچ 2017 22:21

کوئٹہ۔16مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مارچ2017ء) چیف سیکریٹری بلوچستان شعیب میر وزیراعظم کے دورہ گوادر کے اختتام پر اپنی دیگر تمام سرکاری مصروفیات ترک کر کے کوئٹہ پہنچے، اپنی آمد کے فوری بعد چیف سیکریٹری مغوی سیکریٹری عبداللہ جان کی رہائش گاہ پر گئے، جہاں انہوں نے ان کے والد بھائیوں اور بیٹوں سے ملاقات کی اور ان سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے یقین دلایا کہ عبداللہ جان کی باحفاظت بازیابی کے لیے حکومت کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی، انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری بذات خود ان سے اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں جبکہ وزیراعلیٰ نے انہیں بازیابی کے اقدامات کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہے، چیف سیکریٹری نے کہا کہ لواحقین حوصلہ رکھیں حکومت ان کے ساتھ ہے اور عبداللہ جان کی فوری اور باحفاظت بازیابی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بعد ازاں چیف سیکریٹری کی زیر صدارت منعقد ہونے والے سیکورٹی اجلاس میں مغوی سیکریٹری کی بازیابی کے لیے جاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا پولیس ، ایف سی انتظامی افسران اور متعلقہ ایجنسیوں کے حکام اجلاس میں شریک ہوئے، اجلاس کو کیس میں اب تک ہونے والی پیش رفت اور مربوط کاروائیوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، چیف سیکریٹری نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے مشترکہ طور پر جاری اقدامات میں مزید تیزی لائیں اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے عبداللہ جان کی باحفاظت بازیابی کو یقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :