الیکشن کمیشن کا فیصلہ حق اور سچ کی فتح ہے ‘ سید صمصام علی بخار ی

سپیکر ایاز صادق نے وزیراعظم کے خلاف ریفرنس نہ بھجوا کر جانبداری کا ثبوت دیا تھا

جمعرات 16 مارچ 2017 23:58

الیکشن کمیشن کا فیصلہ حق اور سچ کی فتح ہے ‘ سید صمصام علی بخار ی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2017ء) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات سیدصمصام علی بخاری نے الیکشن کمیشن کا چیئرمین عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف نااہلی کے لئے دائر ریفرنس خارج کرنا حق اور سچ کی فتح قرار دیا ہے ، قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق نے عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف جانبداری کامظاہرہ کرتے ہوئے ریفرنس بناکر الیکشن کمیشن کو بھجوایا تھا۔

ان خیالات کا اظہار سید صمصام علی بخاری نے چیئرمین سیکرٹریٹ گارڈن ٹائون میں مختلف وفود سے ملاقات کے موقع پر کیا، انہوں نے کہاکہ سپیکر ایاز صادق نے وزیراعظم کے خلاف ریفرنس نہ بھجوا کر جانبداری کا ثبوت دیا تھا اور شریف فیملی سے اپنے وفاداری نبھائی تھی ۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف نااہلی ریفرنس خارج کر کے تحریک انصاف کے خلا ف منفی پروپیگنڈہ کرنے والوں کا منہ بند کردیا ہے اور قائد تحریک انصاف عمرا ن خان دیانتدار ی پرسیاسی مخالفین کے منہ بند کروا دیئے ہیں، عمران خان کے دشمن بھی یہ بات جانتے ہیں کہ چیئرمین عمران خا ن دیانتدار اور ایماندار لیڈر ہے اور کرپشن کرنے والو ں کے خلا ف سینہ سپر کئے ہوئے ہے ،آج حق اور سچ کی جیت ہوئی ہے اور جھوٹو ں کا منہ کالا ہواہے ۔

(جاری ہے)

سید صمصام علی بخاری نے کہاکہ حکمرانوںکو تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف جھوٹے الزامات لگانے پر پوری قوم سے معافی مانگنی چاہئے،چیئرمین عمران خان پوری قوم کے لیڈر ہیںاور آنے والادور انشاء اللہ تحریک انصاف اور عوام کاہوگا۔