سی پیک منصوبہ 62 ارب ڈالرز لاگت سے مکمل ہوگا ، گورنر سندھ

بڑے پیمانے پر غیر ملکی سرمایہ کار ہوگی ، تیز ترین ترقی اور معاشی و اقتصادی استحکام میں اہم ثابت ہوگا، دوسری عالمی سی پیک بزنس اینڈ ریسرچ کانفرنس 2017 ء سے خطاب

جمعرات 16 مارچ 2017 23:58

سی پیک منصوبہ 62 ارب ڈالرز لاگت سے مکمل ہوگا ، گورنر سندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری میں 62 ارب ڈالرز کی لاگت سے منصوبے مکمل کئے جائیں گے اس جاری منصوبہ سے اب تک 13 ہزار سے زائد مقامی افراد کو ملازمتوں کے مواقع بھی میسر آچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کئی دہائیوں پر محیط پاک چین دوستی کا واضح مظہر ہے ، منصوبہ سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت امیج ابھر رہاہے اس منصوبہ کے ذریعہ بڑے پیمانے پر غیر ملکی سرمایہ کار ی یقینی ہوگی یہ نہ صرف گیم چینجرمنصوبہ ہے بلکہ اس سے ہمارے دیرینہ مسائل بھی حل ہو نگے ، سی پیک خطہ میں معاشی خوشحالی اور امن کی ضمانت ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی بی اے کے مین یونیورسٹی کیمپس کراچی میں دوسری عالمی سی پیک بزنس اینڈ ریسرچ کانفرنس 2017 ء کے اختتامی سیشن سے خطاب میں کیا ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ پا ک چین اقتصادی راہداری منصوبہ تیز ترین ترقی اور معاشی و اقتصادی استحکام میں اہم ثابت ہوگا ، سی پیک میں 35 ارب ڈالرز کے توانائی کے منصوبے بھی شامل ہیں جن میں سے متعدد میگا پروجیکٹس صوبہ میں بن رہے ہیں ، 2018 ء تک مکمل ہونے والے توانائی کے منصوبوں سے 10400 میگا واٹ بجلی دستیاب ہوگی جبکہ اس وقت پاکستان میں 5 ہزار میگا واٹ بجلی کی کمی کا سامنا ہے 2018 ء میں مکمل ہونے والے توانائی منصوبوں سے ہم اپنی طلب سے زائد بجلی حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے،بجلی کی وافر مقدار میں دستیابی سے اس کی قیمت میں بھی نمایاں کمی ہو جائے گی ،سی پیک منصوبہ سے پاک چین تعلقات باہمی اعتماد اور قابل فخر دوستی مزید پروان چڑھ رہی ہے، منصوبہ کی تکمیل میں پاکستان اور چین کے عوام کا کردار اہمیت کا حامل ہے ، منصوبہ کے فوائد بھی سامنے آنا شرو ع ہو چکے ہیں پاکستانی معاشرہ کے تمام طبقات کو اس سے بھرپور فائدہ حاصل ہو گا ۔

انہوںنے کہا کہ سی پیک کے ذریعہ کامرس اینڈ انڈسٹری کے مزید فعال ہونے سے خطہ میں امن اور معاشی انقلاب بر پا ہوجائے گا اس منصوبہ کی تکمیل سے نچلی سطح تک معاشی ترقی ممکن ہو گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ توانائی اور انفرااسٹرکچر منصوبوں کی تکمیل سے تیز ترین ترقی اور اس کے مثبت اثرات ہر شعبہ ہائے زندگی پر پڑے گے جس سے سماجی اور معاشی ترقی میں بہتری یقینی ہو گی ، امید کرتے ہیں وسطی ایشیاء میں ہمارے پڑوسی ممالک اس سہولت سے بھرپور استفادہ حاصل کرینگے ۔

گورنر محمد زبیر نے دوسری سی پیک بزنس اینڈ ریسرچ کانفرنس 2017 ء کے کامیاب انعقاد پر آئی بی اے کے منتظمین کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آئی بی اے میری مادر علمی ہے اس قسم کی کانفرنسز میں شرکت میرے لئے باعث اعزاز سے کم نہیں اس کانفرنس کے ذریعہ سی پیک منصوبہ کے اصل مقاصد پر بھرپور روشنی ڈالی گئی جو کہ خوش آئند ہے ۔

متعلقہ عنوان :