شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 38 ویں برسی 4 اپریل پر انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی، کمشنر لاڑکانہ

جمعرات 16 مارچ 2017 23:50

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2017ء) ملک کے سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 38 ویں برسی 4 اپریل پر انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر لاڑکانہ ڈویزن محمد عباس بلوچ نے گڑھی خدابخش بھٹو میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں برسی تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کمشنر نے ڈی آئی جی لاڑکانہ کو برسی کے موقع پر فول پروف انتظامات کرنے کے ہدایات جاری کیے جس پر ڈی آئی جی نے رینجرس کے ہمراہ سکیورٹی سخت کرنے کی یقین دہانی کروائی جبکہ اسپیشل برانچ کے افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ گڑھی خدابخش بھٹو میں مزار کے احاطے میں واک تھرو گیٹس لگائے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے افسران کو بریفنگ دی جبکہ کمشنر نے کانٹیجنسی پلان تیار کرنے اور ڈپٹی کمشنر آفیس میں کنٹرول قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔ اجلاس میں ایس ایس پی لاڑکانہ عمر طفیل، میئر محمد اسلم شیخ، چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل خان محمد سانگھرو، پیپلز پارٹی رہنما خیرمحمد شیخ، سلیم سومرو اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :