سی پیک منصوبہ 62 ارب ڈالرز لاگت سے مکمل ہوگا‘ منصوبہ معاشی خوشحالی کی ضمانت ہے‘ گورنر سندھ کا دوسری عالمی سی پیک بزنس اینڈ ریسرچ کانفرنس 2017ء سے خطاب

جمعرات 16 مارچ 2017 23:46

سی پیک منصوبہ 62 ارب ڈالرز لاگت سے مکمل ہوگا‘ منصوبہ معاشی خوشحالی کی ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مارچ2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری میں 62 ارب ڈالرز کی لاگت سے منصوبے مکمل کئے جائیں گے اس جاری منصوبہ سے اب تک 13 ہزار سے زائد مقامی افراد کو ملازمتوں کے مواقع بھی میسر آچکے ہیں، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کئی دہائیوں پر محیط پاک چین دوستی کا واضح مظہر ہے ، منصوبہ سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت امیج ابھر رہا ہے اس منصوبہ کے ذریعہ بڑے پیمانے پر غیر ملکی سرمایہ کاری یقینی ہوگی یہ نہ صرف گیم چینجرمنصوبہ ہے بلکہ اس سے ہمارے دیرینہ مسائل بھی حل ہو نگے، سی پیک خطہ میں معاشی خوشحالی اور امن کی ضمانت ہے۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو آئی بی اے کے مین یونیورسٹی کیمپس کراچی میں دوسری عالمی سی پیک بزنس اینڈ ریسرچ کانفرنس 2017ء کے اختتامی سیشن سے خطاب میں کیا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ پا ک چین اقتصادی راہداری منصوبہ تیز ترین ترقی اور معاشی و اقتصادی استحکام میں اہم ثابت ہوگا، سی پیک میں 35 ارب ڈالرز کے توانائی کے منصوبے بھی شامل ہیں جن میں سے متعدد میگا پروجیکٹس صوبہ میں بن رہے ہیں ، 2018 ء تک مکمل ہونے والے توانائی کے منصوبوں سے 10400 میگا واٹ بجلی دستیاب ہوگی جبکہ اس وقت پاکستان میں 5 ہزار میگا واٹ بجلی کی کمی کا سامنا ہے 2018ء میں مکمل ہونے والے توانائی منصوبوں سے ہم اپنی طلب سے زائد بجلی حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے، بجلی کی وافر مقدار میں دستیابی سے اس کی قیمت میں بھی نمایاں کمی ہو جائے گی، سی پیک منصوبہ سے پاک چین تعلقات باہمی اعتماد اور قابل فخر دوستی مزید پروان چڑھ رہی ہے، منصوبہ کی تکمیل میں پاکستان اور چین کے عوام کا کردار اہمیت کا حامل ہے، منصوبہ کے فوائد بھی سامنے آنا شرو ع ہو چکے ہیں پاکستانی معاشرہ کے تمام طبقات کو اس سے بھرپور فائدہ حاصل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے ذریعہ کامرس اینڈ انڈسٹری کے مزید فعال ہونے سے خطہ میں امن اور معاشی انقلاب بر پا ہو جائے گا اس منصوبہ کی تکمیل سے نچلی سطح تک معاشی ترقی ممکن ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ توانائی اور انفرااسٹرکچر منصوبوں کی تکمیل سے تیز ترین ترقی اور اس کے مثبت اثرات ہر شعبہ ہائے زندگی پر پڑے گے جس سے سماجی اور معاشی ترقی میں بہتری یقینی ہوگی، امید کرتے ہیں وسطی ایشیاء میں ہمارے پڑوسی ممالک اس سہولت سے بھرپور استفادہ حاصل کریں گے۔

گورنر محمد زبیر نے دوسری سی پیک بزنس اینڈ ریسرچ کانفرنس 2017ء کے کامیاب انعقاد پر آئی بی اے کے منتظمین کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آئی بی اے میری مادر علمی ہے اس قسم کی کانفرنسز میں شرکت میرے لئے باعث اعزاز سے کم نہیں اس کانفرنس کے ذریعہ سی پیک منصوبہ کے اصل مقاصد پر بھرپور روشنی ڈالی گئی جو کہ خوش آئند ہے۔

متعلقہ عنوان :