23 مارچ سے پورے بونیر میں صفائی مہم کا آغاز کیا جائے گا ،ڈپٹی کمشنر بونیر

جمعرات 16 مارچ 2017 23:44

بونیر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 مارچ2017ء)ڈپٹی کمشنر بونیر ظریف المعانی نے کہاہے کہ 23 مارچ سے پورے بونیر میں صفائی مہم کا آغاز کیا جائے گا جس میں ڈسٹرکٹ ناظم ،نائب ناظم ،تحصیل ناظمین سمیت منتخب ممبران اسمبلی شرکت کریں گے ۔ضلع بھر کے قابل طلباء کے لئے فری کو چنگ کلاسز ،امتحانی ہالوں میں نقل کی رجحان کو ختم کرنے کرنے کے لئے پاکٹ گائیڈز پر پابندی لگادی گئی ہے ۔

شجرکاری مہم کامیابی سے جاری ہے ۔بونیر کے چاروں ٹی ایم ایز کو ہدایت کی گئی ہے کہ کچرا ٹکانے لگانے کے لئے ڈمپنگ سائیڈز کا انتخاب کرے ۔صفائی کا مقصد آنے والے دنوں میں ملیریا اور ڈینگی بخار سے بچائو بھی ہے ۔صفائی مہم میں ضلع کے تمام سرکاری ادارے پاک آرمی اور پولیس حصہ لے گی ۔مہم کا آغاز بونیر کے مرکزی بازار سواڑی سے کیا جائے گا اور یہ مہم ڈیڑھ ماہ تک جاری رہیگا ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں مقامی صحافیوں سے ایک خصوصی نشست کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر اے سی آر اشتیاق خان ،اے سی مندنڑ ،ٹی ایم او ڈگر محمد زادہ ،ٹی ایم او گاگرہ محمد فیاض خان ،پی ایس جانگیر خان بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈی سی بونیر نے کہا کہ بونیر ضلع سیاحت کے حوالہ سے انتہائی موزون ہے جس میں شہیدے سر چغرزئی ،کلیل کنڈائو جیسے مقامات ہے ،صوبائی حکومت نے بونیر کے لئے چڑیا گھر کی بھی منظوری دی ہے ۔جبکہ کلیل کنڈائو کو پارک کا درجہ دینے کے لئے صوبائی حکومت کو کیس بھیج دیاگیاہے ،انہوںنے کہا کہ صفائی مہم کے دوران ایسے گندگی کے ڈھیروں کا بھی صفائی کی جائے گی ۔

جو تقریبا بیس ،تیس سالوں سے پڑے رہے ہیں اور ابھی تک کسی نے اس کو ہاتھ تک نہیں لگایا ۔صفائی مہم کے لئے مزدوروں اور گاڑیوں کا بھی خصوصی انتظام کیا جائے گا ۔انہوں نے مرکزی بازاروں کے تاجر برادری سے کہا کہ وہ اپنے مارکیٹس اور دکانوں کی گندگی ایک مخصوص جگہ پر جمع کرے ،متعلقہ ٹی ایم ایز عملہ اسے مخصوص جگہ پر پہنچایا جائے گا ۔صفائی مہم کے بعد خصوصی انسپکشن ٹیم تشکیل دی جائے گی جو مارکیٹس اور دکانوں کا معائنہ کرے گی جو بھی مارکیٹ اور دکان صفائی کے حوالہ سے بہتر پایاجائے اسے کیش انعام اور تعریفی سند بھی دی جائے گی ۔ڈی سی بونیر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے اردگرد پڑے ہوئے گندگی کے ڈھیروں کی نشاندہی کر کے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرے ہم فوری ایکشن لیں گے ۔