بٹگرام،ڈسٹرکٹ ناظم اور ڈپٹی کمشنر نے ویلیج ناظمین کو بجلی کے مسائل حل کرانے کیلئے ٹاسک دے دیا

جمعرات 16 مارچ 2017 23:33

بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مارچ2017ء) ڈسٹرکٹ ناظم اور ڈپٹی کمشنر نے ضلع بھر کے ویلیج ناظمین کو بجلی کے جملہ مسائل حل کرانے کیلئے ٹاسک دے دیا۔ محکمہ پیسکو نے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ریکوری سے مشروط کردیا ہے ۔ جب تک بقایاجات ادا نہیں کریں گے، بٹگرام میںبجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا مستقل حل نہیں نکلے گا ۔

تمام ویلیج کونسل ناظمین بجلی کے جملہ مسائل حل کرانے میں اپنا بھر پور کردار کو یقینی بنائیں تاکہ ضلع بٹگرام سے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ممکن ہوسکے ۔ان خیالات کا اظہار جمعرات کے روز ڈپٹی کمشنر سردار اسد ہارون اور ڈسٹرکٹ ناظم عطاء الرحمٰن خان ترند نے ضلع بھر کے ویلیج کونسل ناظمین کیساتھ بجلی کے حوالے منعقدہ میٹنگ سے اظہار خیال کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بجلی کی بقایاجات کے باعث محکمہ پیسکو کے مرکزی ہیڈکوارٹر میں بٹگرام کو سرخ خانے میں ڈال دیا گیا ہے کہ یہاں کے لوگ بجلی استعمال کرتے ہیں لیکن بل ادا نہیں کرتے ہم سب نے مل کر اس تاثر کو ختم کرنے کیلئے کردار ادا کرناہے۔ اووربلنگ ،کنڈا کلچراور دیگر مسائل کے حل میں ویلیج کونسل ناظمین کا کردار انتہائی اہمیت کے حامل ہیں صرف بجلی کے مسائل نہیں بلکہ ضلع کے اندر جاری مردم شماری سمیت بی ایچ یوز ،سکولز اور دیگر اداروں میں سٹاف کی غیر حاضر ی کے حوالے سے بھی ڈسٹرکٹ ناظم اور ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کیا جائے تاکہ غفلت کے مرتکب اہلکاروںکے خلاف کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔

اس موقع پر مختلف ویلیج کونسلوں کے ناظمین اور سیکرٹریز نے اپنے اردگردکے مسائل سے بھی ڈسٹرکٹ ناظم اور ڈپٹی کمشنر کوتفصیلی آگاہ کیا جس پر دونوں ضلعی سربراہان نے فوری کارروائی کی یقین دہانی کرائی ۔واضح رہے کہ اس موقع پر تحصیل ناظم بٹگرام نیاز محمد خان ترند سمیت دونوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز جاوید اقبال اور بصیر علی رحمٰن بھی میٹنگ میں موجودتھے۔

متعلقہ عنوان :