رکن صوبائی اسمبلی حاجی ابرار حسین تنولی نے جبہ تا آبی بہن سڑک کی تعمیر کیلئے فنڈ فراہم کرنے کا اعلان کردیا

جمعرات 16 مارچ 2017 23:33

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مارچ2017ء) رکن صوبائی اسمبلی حاجی ابرارحسین تنولی نے پی کے 57کے دورافتادہ گاؤںآبی بہن کے مکینوں کی سفری مشکلات کے پیش نظرجبہ تا آبی بہن سڑک کی تعمیر کیلئے فنڈ فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔جبہ تا آبی بہن سڑک نہ ہونے کے باعث یونین کونسل شنائیہ اورلڈرمنگ کے عوام کو ہری پور جانے کیلئے لمبی مسافت طے کرنا پڑتی تھی۔

اس حوالہ سے ممبر ایمنٹسی انٹرنیشنل عبدالحفیظ قریشی کی دعوت پر رکن صوبائی اسمبلی حاجی ابرار حسین تنولی کی سربراہی میں ایبٹ آباد کے مقامی ہوٹل میں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ضلع نائب ناظم مانسہرہ غلام مرتضیٰ کرپلیاں ویلفیئر آرگنائزیشن کے صدر جہانزیب،جنرل سیکرٹری غلام رسول،طاہر محمود،اعجاز احمد،میرافضل ،نجب خان اورسردار علی سمیت کثیر تعداد میں علاقہ کے عمائدین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں عبدالحفیظ قریشی نے رکن صوبائی اسمبلی کو بتایا کہ یونین کونسل شنائیہ اورلڈرمنگ کے مکینوں کا سب سے بڑا مسئلہ سڑک کا ہے۔کرپلیاں سے جبہ تک تعمیر شدہ روڈ کو آبی بہن سے منسلک کیا جائے۔جبہ تاآبی بہن سڑک نہ ہونے کے باعث ان علاقوں کے مکینوں کو لمبی مسافت طے کرکے ہر ی پور جانا پڑتا ہے۔ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں کو ہسپتال پہنچانے میں شدیددشواری کا سامنا ہے۔سڑک کی تعمیر سے ان علاقوں کے مکینوں کے صحت اورتعلیم کا مسائل حل ہوں گے۔رکن صوبائی اسمبلی حاجی ابرار تنولی نے اجلاس میں عمائدین کو یقین دہانی کروائی کہ جون سے قبل جبہ تاآبی بہن روڈ تعمیر کیا جائے گا۔عمائدین نے رکن صوبائی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کیا ہے