وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس،ای لائبریریوں کے قیام کے پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ

صوبے کے مختلف شہروں میں سٹیٹ آف دی آرٹ ای لائبریریاں قائم کی جا رہی ہیں، لائبریریوں میں شہریوں کو بہترین ماحول میں مطالعہ کے مواقع میسر آئینگے، کتب بینی کا دم توڑتا کلچر بحال ہو گا، ای لائبریریوں کے قیام کا منصوبہ نہایت اہمیت کا حامل ہے ،منصوبے پر تیزرفتاری سے کام کیا جائے،وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف

جمعرات 16 مارچ 2017 23:17

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس،ای لائبریریوں کے قیام کے پروگرام ..
لاہو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 مارچ2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت جمعرات کو اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں ای لائبریریوں کے قیام کے پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے کے مختلف شہروں میں سٹیٹ آف دی آرٹ ای لائبریریاں قائم کر رہی ہے ،ان لائبریریوں میں شہریوں کو بہترین ماحول میں مطالعہ کے مواقع میسر آئیں گے اور کتب بینی کا دم توڑتا کلچر بحال ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ فروغ تعلیم کے حوالے سے بھی ای لائبریریوں کے قیام کا منصوبہ نہایت اہمیت کا حامل ہے ،اس لئے منصوبے پر تیزرفتاری سے کام کیا جائے ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ای لائبریریوں میںبین الاقوامی اخبارات رکھے جائیں اور21 ای لائبریریوں کے قیام کے بعد پارکوں میں لائبریریوں کے قیام کا پلان بھی پیش کیا جائے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان لائبریریوں کو چلانے کا بہترین مینجمنٹ ماڈل ہونا چاہیئے۔

مشیر ڈاکٹر عمر سیف نے ای لائبریریوں کے قیام کے منصوبے پرپیشرفت بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ای لائبریریوں میں ڈیجیٹل کتابیں رکھی جائیں گی۔ ناول ، میگزین اور اخبارات بھی ان لائبریریوں میں موجود ہوںگے جبکہ آن لائن رسالوں کی سہولت بھی ہو گی ۔ صوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ، سابق ایم این اے حنیف عباسی، چیف سیکرٹری ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹریز سپورٹس، اطلاعات و ثقافت اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔