وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو کی ملاقات، پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی

فائنل میچ کا کامیاب اور پرامن انعقاد پاکستان کی فتح اور امن دشمنوں کی شکست ہے، فائنل کا لاہور میں کامیاب انعقاد دہشت گردوں کیلئے سخت پیغام ہے کہ قائد ؒ کے پاکستان میں انتہاپسندانہ سوچ کی کوئی جگہ نہیں،پنجاب میں تعلیم،صحت اورسکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں بہتری کیلئے برطانیہ کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،وزیراعلیٰ پنجاب لاہور میں پرامن ماحول میں فائنل میچ کا کریڈٹ شہبازشریف کی غیرمعمولی صلاحیتوں کو جاتا ہے،برطانوی ہائی کمشنر

جمعرات 16 مارچ 2017 23:17

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو کی ملاقات، ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 مارچ2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے جمعرات کویہاں پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریونے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور ، پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے لاہو رمیں پی ایس ایل کے فائنل میچ کے کامیاب انعقاد پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ لاہور میں پرامن ماحول میں فائنل میچ کا کریڈٹ آپ کی غیرمعمولی صلاحیتوں کو جاتا ہے اور وزیراعلیٰ شہبازشریف اور ان کی پوری ٹیم نے دن رات ایک کرکے بڑے ایونٹ کو کامیاب بنایا، اسی طرح پاکستان کے عوام نے فائنل میچ کے دوران زبردست نظم و ضبط اور جذبے کا مظاہرہ کیا۔

انہو ںنے کہا کہ پنجاب کے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے وزیراعلیٰ شہبازشریف کے اقدامات لائق تحسین ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی قیادت میں تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں کی بہتری کے لئے شاندار اقدامات کئے گئے ہیں۔انہو ںنے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ تعلیم، صحت ، سکل ڈویلپمنٹ اور دیگر سماجی شعبوں کی بہتری کے لئے تعاون جاری رہے گا۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فائنل میچ کا کامیاب او رپرامن انعقاد پاکستان کی فتح اور امن دشمنوں کی شکست ہے۔ اس میچ سے پرعزم پاکستانیوں کا جذبہ اور حوصلہ مزید بلند ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کا عزم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے انتہائی مضبوط ہے اور فائنل میچ کا لاہور میں کامیاب انعقاد دہشت گردوں کیلئے ایک سخت پیغام ہے کہ قائداعظم ؒ کے پاکستان میں انتہاپسندانہ سوچ کی کوئی جگہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم کی قربانیاں لازوال ہیں اور دہشت گردی کے ناسور سے نمٹنے کے لئے پوری قوم یکجا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اوربرطانیہ ترقی اورخوشحالی کے سفر میں اہم پارٹنرز ہیں۔ پنجاب میں تعلیم،صحت اورسکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں بہتری کیلئے برطانیہ کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ پاکستان برطانیہ کے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ترقی و خوشحالی کے سفر میں شراکت داری آنے والے وقت میں مزید مضبوط ہوگی۔