وزیراعلی کا خیبرپختونخوامیں فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کی معاونت سے پن بجلی ، سیمنٹ ،ہاوسنگ کے منصوبوں کیلئے معاہدوں کو فوری حتمی شکل دینے کاحکم

جمعرات 16 مارچ 2017 23:14

وزیراعلی کا خیبرپختونخوامیں فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کی معاونت سے ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2017ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے صوبے میں فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کی معاونت سے پن بجلی ، سیمنٹ اورہاوسنگ کے منصوبوں کیلئے معاہدوں کو فوری طور پر حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ہے اور عندیہ دیا کہ آئندہ پیر کو معاہدوں پر باضابطہ دستخط کریں گے ۔انہوںنے ہدایت کی کہ منصوبوں کی تعمیر کیلئے ٹائمز لائن کا تعین کیا جائے مقررہ وقت کے اندر تکمیل یقینی بنائی جائے ۔

عوامی مفاد کے منصوبوں میں روکاوٹیں نہیں ہونی چاہئیں ۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔سینئر صوبائی وزیر برائے اریگیشن سکندر حیات خان شیر پائو، صوبائی وزیر برائے توانائی وتعلیم محمد عاطف خان، وزیراعلیٰ کے معاونین خصوصی ڈاکٹر امجد ، عبد الکریم ، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں ، کرنل جمال سلمان قیصرانی اور ازمک ، آئل اینڈ گیس کمپنی اور پیڈو کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فرنٹیر ورکس آرگنائزیشن کی معاونت سے تعمیر کئے جانے والے 520 میگاواٹ کے پن بجلی کے تین منصوبوں ، کرک میں سیمنٹ پلانٹ ، جی ٹی روڈ اور موٹروے پر ہاوسنگ سکیموںپر معاہدوں کی تیاری اور سوات موٹروے پر تعمیری کام کے حوالے سے بریفینگ دی گئی ۔وزیراعلیٰ نے پن بجلی ، سیمنٹ پلانٹ اور ہاوسنگ سکیموں پر معاہدوں کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبوں پر تعمیر ی کام بروقت شروع کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔

اُن کی حکومت صوبے کو تیز رفتار ترقی پر ڈالنے کے عمل میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کرے گی ۔صوبے کا مستقبل تابناک ہے ۔سرمایہ کاری آرہی ہے ۔ کارخانے لگ رہے ہیں۔ روزگار کے وسیع مواقع پید ا ہوں گے ۔انہوںنے ہاوسنگ سکیموں میں عوامی مفاد کو مد نظر رکھنے کی ہدایت کی اور کہاکہ حکومت کے اصلاحاتی اقدامات اور ترقیاتی سکیموں کا مرکز و محور عوام ہیں ۔

عوام کی فلاح و بہبود اور اُن کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر متعلقہ حکام سے سوات موٹروے کی تعمیر پر پیش رفت طلب کی جس پر بتایا گیا کہ سوات موٹروے کی تعمیر متعدد مقامات سے تیز رفتاری کے ساتھ جاری ہے ۔اپریل کے پہلے ہفتے میں ٹنل پر بھی کام شروع ہو جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے اس منصوبے کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔

متعلقہ عنوان :