ملک کو انگریز کے وارثوں نے جکڑ رکھا ہے ، قومی صنعتیں ،کارخانے بند جبکہ حکمرانوں کی فیکٹریاں منافع دے رہی ہیں‘ سراج الحق

مفاد پرست طبقہ نسل در نسل اقتدار کے مزے لوٹ رہا ہے ،تمام وسائل پر قابض ہوچکا ، جب تک دیانتدار قیادت اقتدار میں نہیں آتی ، ملک کو موجودہ بحرانوں سے نجات نہیں مل سکتی‘ امیر جماعت اسلامی

جمعرات 16 مارچ 2017 23:11

ملک کو انگریز کے وارثوں نے جکڑ رکھا ہے ، قومی صنعتیں ،کارخانے بند جبکہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک کو 70سال سے انگریز کے وارثوں نے جکڑ رکھا ہے جس کی وجہ سے ملک ترقی کرنے کی بجائے دن بدن پسماندگی اور غربت میں دھنستا جارہا ہے ،مفاد پرست طبقہ نسل در نسل اقتدار کے مزے لوٹ رہا ہے اور تمام وسائل پر قابض ہوچکا ہے ،کرپٹ ٹولے کی جائیدادوں اور بنک بیلنس میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور لوٹ کھسوٹ کی یہ دولت بیرونی بنکوں میں منتقل کی جارہی ہے جبکہ عوام غریب سے غریب تر ہو رہے ہیں، حکمرانوں کے محلات پوری دنیا میں بن رہے ہیں جبکہ غریب کی جھونپڑی کا دیا بھی بجھ چکاہے ،قومی صنعتیں اور کارخانے بند ہورہے ہیں جبکہ حکمرانوں کی فیکٹریاں منافع دے رہی ہیں ، جب تک دیانتدار قیادت اقتدار میں نہیں آتی ، ملک کو موجودہ بحرانوں سے نجات نہیں مل سکتی ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے میاں چنوں میں سید دلدار حسین شاہ گیلانی کے ڈیرے پر منعقدہ جلسہ سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جلسہ سے امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد ، مولانا جاوید قصوری، پیر سید دلدار شاہ گیلانی اور سید تطہیر شاہ گیلانی نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر پیر سرفراز گیلانی ، زبیر جیلانی ، عارف زمان قریشی، حیدر زمان قریشی ، پیر عابد قریشی ، مہر غلام حیدر ، مہر نذرحسین اور نواز حسین بھی موجودتھے ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملک میں صنعت اور زراعت کا کوئی پرسان حال نہیں ، مزدور اور کسان فاقہ کشی پر مجبور ہوچکے ہیں ۔ عام آدمی کو تعلیم ، صحت اور روزگار کی سہولتیں میسر نہیں ۔ دہشتگردی ، بدامنی ، غربت اور جہالت نے ہر جگہ ڈیرے ڈال رکھے ہیں جبکہ حکمران دن رات چین کی بانسری بجا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں جمہوریت کے نام پر بدترین آمریت ہے ۔

حکمرانوں نے تمام اداروں کو یرغمال بنارکھاہے ۔ ان حالات میں ضروری ہے کہ قوم ایک اسلامی و خوشحال پاکستان جس کا خواب ان کے بزرگوں نے دیکھا تھا کے حصول کے لیے میدان میں نکلیں اور پاکستان کو ایک اسلامی اور خوشحال پاکستان بنانے کے لیے قیام پاکستان کی طرز پر ایک بڑی قومی تحریک اٹھائی جائے ۔انھوں نے کہاکہ قرآن و سنت کا نظام ہی پاکستان کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتاہے ۔

جب تک ہم انگریز کے نظام کے پیچھے دوڑتے رہیں گے ، مسائل کی دلدل میں دھنستے جائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کا مشن ملک میں اپنی حکومت قائم کرنا نہیں ، بلکہ اللہ کے نظام کا نفاذ ہے اور میںعوام سے امید رکھتاہوں کہ وہ اس مشن کی تکمیل میں ہمارا ساتھ دیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ لوٹ کھسوٹ کے ظالمانہ نظام کو ختم کرنے اور ملک کے غریب عوام کو ان کا جائز حق دینے کے لیے ضروری ہے کہ عوام ان لٹیروں کے چنگل سے آزاد ہوں انہوں نے توقع ظاہر کی کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے ملک میں کرپشن کے راستے بند ہوں گے اور ایک نئے دور کا سورج طلوع ہوگا۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملک میں کرپشن کرنے والے بڑے بڑے عہدوں پر فائز ہیں ہر چیز میں ملاوٹ کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت سے مسئلہ کشمیر کے حل تک کسی بھی قسم کے مذاکرات نہیں ہونے چاہئیں ۔ بھارت ہمارا ازلی دشمن ہے جس نے آج تک پاکستان کے وجود کو تسلیم نہیں کیا ۔ انہوں نے کہاکہ سوشل میڈیا کو بند کرنے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا مسئلے کے حل کے لیے ضروری ہے کہ ان بلاگرز کو پکڑا جائے جو اسلام اور پیغمبرؐ اسلام کی اہانت کر رہے ہیں ۔

انہو ں نے کہاکہ اب وہ دور نہیں رہا۔ جب کچھ لوگ سپریم کورٹ پر اثر انداز ہوتے تھے ،کرپشن کے خلاف فیصلہ عوام کی جیت ہو گا ۔خیبر پختونخوا سے جماعت اسلامی میں شامل ہونے والے مسلم لیگ ق کے سابق صوبائی صدر انتخاب خان نے کہاکہ میں نے تمام سیاسی جماعتوں کو گہری نظر سے دیکھاہے ۔ میں سمجھتاہوں کہ ملک و قوم سے کوئی لیڈر بھی مخلص نہیں بلکہ ملک کو موجودہ حالات تک پہنچانے والے یہی لوگ ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ امیر جماعت اسلامی پاکستا ن سراج الحق ملک کے واحد لیڈر ہیں جو پوری دیانتداری سے قوم کی خدمت کررہے ہیں اور ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ میں نے اسی لیے سراج الحق کی قیادت قبول کی ہے اور عوام سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ وہ جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔

متعلقہ عنوان :