کراچی میں امن و امان کے قیام کے بعد صوبہ میںفلاحی معاشرہ کی تشکیل کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں‘سندھ صوفیاء و اولیاء کرام کی دھرتی ہے ، امن کی اس دھرتی میں بھائی چارہ ، ہم آہنگی ، رواداری اور محبت کی فضا ء صدیوں سے قائم ہے

گورنر سندھ محمد زبیر کی مسلم لیگ (ن) سندھ کے سینئر رہنما سید شاہ محمد شاہ سے بات چیت

جمعرات 16 مارچ 2017 23:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 مارچ2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر سے مسلم لیگ (ن) سندھ کے سینئر رہنما سید شاہ محمد شاہ نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی، ملاقات میں جاری صورتحال ، صوبہ میں امن و امان کے حوالہ سے اٹھائے گئے اقدامات ، فلاحی معاشرہ کی تشکیل کے لئے سیاسی رہنمائوں کی ذمہ داریوں سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، گورنر سندھ نے کہا کہ صوبہ با الخصوص کراچی میں امن و امان کے قیام کے بعد صوبہ میںفلاحی معاشرہ کی تشکیل کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ سندھ صوفیاء و اولیاء کرام کی دھرتی ہے ، امن کی اس دھرتی میں بھائی چارہ ، ہم آہنگی ، رواداری اور محبت کی فضا ء صدیوں سے قائم ہے، انہوں نے کہا کہ سیاسی و عسکری قیادت پر عزم ہے کہ ان دہشت گردوں کو ان کے نظریات سمیت ختم کرکے رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنما اپنے طور اطوار ، گفتار ، کردار اور اخلاق سے اپنی نسل کے لئے قابل تقلید اور آنے والوں نسل کے لئے مشعل راہ ہو تا ہے ،صوبہ میں سیاسی قائدین و رہنمائوں کا کردار قابل تقلید ہے ، صوبہ میں ہم آہنگی قائم کرنے کے لئے میں نے سیاسی قائدین سے رابطہ کیا، تاکہ سب مل کر صوبہ کو معاشی خوشحالی کی طرف گامزن کرسکیں ،مجھے یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی کہ تمام سیاسی قائدین ورہنما نہ صرف صوبہ میں خوشحالی دیکھنا چاہتے ہیں بلکہ اس کے لئے اپنی خدمات بھی پیش کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گرین لائن ، لیاری ایکسپریس وے ، کے فور اور کراچی تا حیدرآباد موٹر وے کی تکمیل سے شہریوںکو بہتر سہولیات فراہم ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اقتصادی حب کراچی خطہ کے اہم مقام پر ہونے کے باعث معاشی ترقی میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے وزیر اعظم کی معاشی پالیسی سے ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی معاشی مثبت اشاریئے دیکھے جارہے ہیں کراچی کو عالمی معاشی نقشہ میں نمایاں مقام دلانے کے لئے ہم سب کو مل کر کوششیں کرنا ہو گی، ملاقات میں مسلم لیگ (ن) سندھ کے سینئر نائب صدر شاہ محمد شاہ نے گورنر سندھ کے وڑن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ کی اقتصادی و معاشی خوشحالی کے لئے دیگر سیاسی قائدین و رہنما کی طرح میرا تعاون ہر وقت آپ کے ساتھ ہے، انہوں نے کہا کہ آپ کی بطور گورنر تعیناتی وزیر اعظم کا بہترین فیصلہ ہے ، وزیر اعظم کی پالیسیوں پر عملدرآمد میں بھرپور تعاون کریں گے تاکہ صوبہ ترقی و خوشحالی کی منازل طے کرسکے۔