پاک فوج علاقائی استحکام اور سلامتی کیلئے مثبت کردار جاری رکھے گی

چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی یجنگ میں چین کے سیاسی و فوجی قیادت سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو

جمعرات 16 مارچ 2017 22:54

پاک فوج علاقائی استحکام اور سلامتی کیلئے مثبت کردار جاری رکھے گی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مارچ2017ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس عزم کا اعادہ کیاہے کہ پاک فوج علاقائی استحکام اور سلامتی کیلئے مثبت کردار جاری رکھے گی۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو بیجنگ میں چین کے سینئر سیاسی و فوجی قیادت سے الگ الگ ملاقاتوں کے دوران کہی۔۔بات چیت کے دوران علاقائی سلامتی،دفاعی تعاون،معیشت اورباہمی دلچسپی کو امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آرمیجر جنرل آصف غفور کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جو چین کے تین روزہ دورے پر بیجنگ میں ہیں ،جمعرات کو چین کے ایگزیکٹو نائب وزیر اعظم ژانگ گاولی،نائب چیئر مین سنٹرل ملٹری کمیشن جنرل فان چانگ لونگ،چیف آف جوائنٹ سروسز ڈیپارٹمنٹ جنرل فان فونگ ہوئی اور کمانڈر پیلپز لبریشن آرمی(پی ایل ای)جنرل لی ژو چنگ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

(جاری ہے)

چینی قیادت نے خطے کی جیو پولیٹیکل اور اقتصادی و سیکورٹی ماحول اور انکے دونوں ملکوں کیلئے مضمرات پر مکمل مفاہمت کا اظہار کیا۔چینی قیادت نے خطے میں امن و استحکام بالخصوص دہشت گرد گروپوں کے خاتمے میں پاکستان کے مثبت کردار کا اعتراف کیا۔انہوں نے سی پیک کیلئے سیکورٹی انتظامات پر اعتماد اور منصوبوں کے پیشرفت پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دفاعی تعاون اور حمایت پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج علاقائی استحکام اور سلامتی کیلئے مثبت کردار جاری رکھے گا۔چیف آف دی آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یوم پاکستان کی پریڈ میں شرکت کیلئے پی ایل اے آرمی کا دستہ بھیجنے پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔دونوں فریقوں نے فوج کی سطح پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔قبل ازیں پی ایل اے ہیڈٖ کوارٹرز آمد پر چیف آف دی آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔