بھارتی آبی دہشت گردی کیخلاف شہر شہر جا کر عوامی بیداری مہم چلائیں گے،ملکر جنگ لڑیں گے ‘ حافظ عبدالرحمن مکی

ملکی و بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے پانیوں پر قبضہ کی سازشوں کو بے نقاب کیا جائیگا، نریندر مودی کی پاکستان کی طرف آنے والے پانی کی ایک ایک بوند روکنے کی دھمکیوں پر خاموشی اختیار نہ کی جائے،19مارچ کو لاہور میں بڑی آل پارٹیزکانفرنس ہو گی‘ مختلف وفود سے گفتگو

جمعرات 16 مارچ 2017 22:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2017ء) پاکستان واٹر موومنٹ کے چیئرمین پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے کہا ہے کہ بھارتی آبی دہشت گردی کیخلاف شہر شہر جا کر عوامی بیداری مہم چلائیں گے،ملکی و بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے پانیوں پر قبضہ کی سازشوں کو بے نقاب کیا جائے گا، نریندر مودی کی پاکستان کی طرف آنے والے پانی کی ایک ایک بوند روکنے کی دھمکیوں پر خاموشی اختیار نہ کی جائے،19مارچ کو لاہور میں بڑی آل پارٹیزکانفرنس ہو گی، قومی سیاسی ، مذہبی و کشمیری قیادت سمیت ملک بھر کی کسان تنظیموں کے رہنما شریک ہوں گے،پاکستان کے کسان اور عوام مل کر پانیوں کی جنگ لڑیں گے۔

کارکنان و ذمہ داران کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ ملک صرف سڑکوں اور پلوں کانام نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ہمارا کسان پس رہا اور زراعت دم توڑ رہی ہے۔ انڈیا مقبوضہ کشمیر میں متنازعہ ڈیموں کی تعمیر کے ذریعہ ایسی صورتحال پیدا کرنا چاہتا ہے کہ وہ جب چاہے ڈیموں میں پانی ذخیرہ کر کے اپنے راجھستان کے صحرائوںکو آباد کرے اور جب چاہے سیلاب کی صورتحال پیدا کرکے پاکستان کی لہلہاتی فصلوںکو برباد کر دے۔

انڈیا کو مقبوضہ کشمیر میں ڈیموں کی تعمیر کے سلسلہ میں ورلڈ بنک جیسے اداروںکی مکمل پشت پناہی حاصل ہے ۔ حکومت پاکستان کو اس انتہائی اہم اور حساس مسئلہ پر کسی صورت خاموشی اختیار نہیں کرنی چاہیے۔ عبدالرحمن مکی نے کہاکہ19مارچ کو لاہور میں ہونے والی آل پارٹیزکانفرنس بہت اہمیت کی حامل ہے۔ ملک بھر کی کسان تنظیمیں اور مذہبی و سیاسی قیادت اس سلسلہ میں آئندہ کے مشترکہ لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔

انہوںنے کہاکہ انڈیا پاکستانی کیخلاف پانی کوجنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ اس نے پاکستان کے وجود کو شروع دن سے تسلیم نہیں کیا اور ہر موقع پر وطن عزیز کو نقصانات سے دوچار کرنے کی کوششیں کی ہیں۔ اس وقت بھی بھارت پانیوں پر قبضہ کے ذریعہ پاکستان کو صومالیہ اور ایتھوپیا بنانے کی مذموم منصوبہ بندی پر عمل پیرا ہے لیکن انڈیاکی یہ سازشیں ان شاء اللہ کامیاب نہیں ہوں گی۔

انہوںنے کہاکہ انڈیا پاکستانی دریائوں پر غیر قانونی ڈیم تعمیر کر کے دنیا کی سب سے بڑی پانی کی ڈکیتی کا ارتکاب کر رہا ہے۔ حکومت کی طرف سے انڈیا سے دوستی اور تجارت کی خواہش پر پانیوں کے سنگین معاملہ پر بھی آواز بلند نہیں کی جارہی ۔یہ رویہ درست نہیں ہے‘ہم انڈیا کی آبی دہشت گردی کیخلاف ملک گیر تحریک کا دائرہ وسیع کریں گے اور ملک بھر کی سیاسی ومذہبی جماعتوں کو بھی ساتھ ملا کربھرپور تحریک چلائیں گے۔