پیر کو ایوان میں سینیٹر تاج حیدر کے سوال کی وضاحت کی جائے ،ْ چیئر مین سینٹ کی وزارت پٹرولیم کو ہدایت

جمعرات 16 مارچ 2017 22:49

پیر کو ایوان میں سینیٹر تاج حیدر کے سوال کی وضاحت کی جائے ،ْ چیئر مین ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2017ء)چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ مردم شماری انتہائی حساس معاملہ ہے‘ اس کو متنازعہ نہیں ہونا چاہیے‘ مختلف حلقوں کے تحفظات دور کرنے کیلئے ایک وزیر مقرر کیا جانا چا ہیے جبکہ چیئر مین سینٹ نے سعودی عرب میں ایک خواجہ سرا کی دوران حراست ہلاکت کے معاملے کی وضاحت کے لئے مشیر خارجہ سے جواب طلب کرلیا ۔

جمعرات کو سینیٹر اعجاز مختار دھامرہ کے نکتہ اعتراض پر ریمارکس دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مردم شماری طویل عرصے کے بعد ہو رہی ہے اسے بالکل متنازعہ نہیں ہونا چاہیے ،ْانہوں نے قائد ایوان راجہ ظفر الحق سے کہا کہ اگر وہ کسی وزیر کو مقرر کرا دیں جو مردم شماری کے حوالے سے اٹھائے جانے والے نکات پر جواب دیں اور ان کا ازالہ کریں اور اگر سینٹ کا اجلاس نہ بھی ہو رہا ہو تو اس سلسلے میں ان سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دور ان پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر اعجاز مختار دھامرہ نے کہاکہ کراچی اور حیدرآباد میں مردم شماری کرنے والا عملہ پن کی بجائے پنسل سے اعداد و شمار تحریر کر رہا ہے‘ اس کا نوٹس لیا جائے۔ اجلاس کے دور ان چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے سعودی عرب میں ایک خواجہ سرا کی دوران حراست ہلاکت کے معاملے کی وضاحت کے لئے مشیر خارجہ سے جواب طلب کرلیا۔

پیپلز پارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ سعودی عرب میں 35 پاکستانی خواجہ سرائوں کو گرفتار کیا گیا تھا جن میں سے چھ کے سوا باقی رہا کردیئے گئے اور ان 6 میں سے بھی ایک دوران حراست جاں بحق ہوگیا۔ اس معاملے کی وضاحت کی جائے جس پر چیئرمین نے کہا کہ مشیر خارجہ پیر کو اس پر ایوان میں رپورٹ پیش کریں گے۔ اجلاس کے دور ان چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے فرنس آئل اور ایل این جی کی درآمد کے معاملے پر اٹھائے گئے سوال کے حوالے سے وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل کو ہدایت کی کہ وہ پیر کو ایوان میں سینیٹر تاج حیدر کے سوال کی وضاحت کرے۔

نکتہ اعتراض پر سینیٹر تاج حیدر نے کہا کہ فرنس آئل اور ایل این جی کی درآمد سے ملک میں فیول کے ذخیرہ کرنے کی گنجائش کم پڑ گئی ہے جسے فوری حل کرنے کی ضرورت ہے۔ جس پر چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے یہ معاملہ وزارت پٹرولیم کو بھجواتے ہوئے ہدایت کی کہ وزارت آئندہ پیر کو اس کا تفصیلی جواب پیش کرے۔