بہاولپور،پولیس تھانہ صدر زیادتی کے ملزم اپنے پیٹی بھائی SI اشفاق ترین کو بچانے کے لیے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی

مدعیہ پر دبائو ڈالنے کے لیے جھوٹی FIR درج کر ڈالی ، صلح کے لیے مجبور کرنے لگے خاوند کی وزیر اعظم پاکستان ، وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے انصاف کی اپیل

جمعرات 16 مارچ 2017 22:30

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مارچ2017ء) پولیس تھانہ صدر زیادتی کے ملزم اپنے پیٹی بھائی SI اشفاق ترین کو بچانے کے لیے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ، مدعیہ آسیہ پر دبائو ڈالنے کے لیے جھوٹی FIR درج کر ڈالی ، صلح کے لیے مجبور کرنے لگے ۔ عدالت عالیہ کے احکامات کے باوجود توہین عدالت کرتے ہوئے آسیہ پر مقدمہ درج کر ڈالا۔ سینئر سول جج نے آسیہ بی بی کو 1-1/2 سالہ بچے کے ہمراہ سنٹرل جیل منتقل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ۔

آسیہ کے خاوند غلام مرتضیٰ شاہ کا وزیر اعظم پاکستان ، وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے انصاف کی اپیل، انصاف نہ ملا تو اپنے بچوں کے ہمراہ ڈی سی آفس چوک کے سامنے خود سوزی کر لوں گا۔ تفصیل کے مطابق تھانہ صدر بہاولپور کا مشہور مقدمہ SI اشفاق ترین پر RPO بہاولپور نے ویڈیو وائرل ہونے پر مقدمہ نمبر70/17 زیر دفعہ 376 درج کر کے تھانہ صدر کی حوالات میں بند کر دیا تھا ۔

(جاری ہے)

جس پر بہاولپور پولیس اپنے پیٹی بھائی SI اشفاق ترین کو بچانے کے لیے ہر طرح کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنے لگی ہے۔ اور جان سے مارنے کے دھمکیاں اور جھوٹے مقدمات کی دھمکیاں دے کر صلح کے لیے مجبور کر رہے ہیں ۔مدعیہ کے نہ ماننے پر مدعیہ اور اس کے خاوند پر مقدمہ نمبر78/17 زیر دفعہ 420,471,168,292,385 درج کر کے آسیہ بی بی کو گرفتار کر لیا اور شدید تشدد کا نشانہ بنایا ۔

گزشتہ روز آسیہ بی بی کو علیم ضیاء سینئر سول جج کے سامنے پیش کیا جس پر جج صاحب نے آسیہ بی بی کو اس کے ڈیرھ سالہ بچے کے ہمراہ سنٹرل جیل بہاولپور میں منتقل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ۔ واضح رہے کہ عباسیہ کالونی بہاولپور کی رہائشی آسیہ بی بی عظیم کی زیادتی کی فریاد لے کر تھانہ صدر انصاف مانگنے گئی جس کا مقدمہ نمبر36/17 زیر دفعہ 376 مورخہ 28-01-2017 کو درج ہوا جس کے تفتیشی تھانہ صدر کا SI اشفاق ترین نے مدعیہ کے تفتیش کے بہانے اور بچے کو کمرے میں بند کر کے جان سے مارنے کے دھمکی دے کر زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا تھا ۔

اس وقوعہ کی ویڈیو بننے پر اور غیرل ہونے کے بعد RPO بہاولپور نے SI اشفاق ترین کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کیے تھے ۔مگر پولیس تھانہ صدر اپنے پیٹی بھائی SI اشفاق ترین کو بچانے کے لیے ہر ممکن کوششیں کررہی ہے۔ مدعیہ کے خاوند غلام مرتضی ٰ شاہ نے میڈیا کو بتایا کہ لاہور ہائی کورٹ بہاولپور بنچ کے واضح احکامات کے باوجود کہ آسیہ بی بی اور غلام مرتضیٰ کو پولیس تنگ یا گرفتار نہ کرے ۔

مگر توہین عدالت کرتے ہوئے تھانہ صدر کی پولیس نے میری بیوی اور مجھ پر صلح نہ کرنے کی پاداش میں ہم پر جھوٹا ، من گھڑت اور ناجائز مقدمہ درج کر کے تشدد کیا ہے۔میری وزیر اعظم پاکستان ، وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے اپیل ہے کہ ہم پر بنے جھوٹے مقدمات فوری ختم کیے جائیں اور ہمیں انصاف فراہم کیا جائے ۔اگر ہمیں انصاف نہ ملا تو میں اپنے بچوں کے ہمراہ ڈی سی آفس کے سامنے خود سوزی کر لوں گا۔