اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں نجی اداروں کا کرداراہم ہے،حکومت نے متوازن پالیسیوں کے ذریعے فروغ تعلیم کیلئے انقلابی اقدامات کئے ہیں تا کہ نوجوان نسل کی اعلیٰ تعلیم تک یکساں رسائی ممکن ہو

صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی کا سائنس میلہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعرات 16 مارچ 2017 22:15

اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں نجی اداروں کا کرداراہم ہے،حکومت نے متوازن پالیسیوں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 مارچ2017ء) صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں نجی اداروں کا کرداراہم ہے۔ اس حوالے سے حکومت نے متوازن پالیسیوں کے ذریعے فروغ تعلیم کیلئے انقلابی اقدامات کئے ہیں تا کہ نوجوان نسل کی اعلیٰ تعلیم تک یکساں رسائی ممکن ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج گلبرگ کے ایک نجی کالج میں انٹرمیڈیٹ کی طالبات کی جانب لگائے جانے والے سائنس میلہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے طالبات کی جانب سے بنائے گئے سائنس ماڈلز کی تعریف کی اور کہا کہ طالبعلموں کے تخلیقی جوہر کو پروموٹ کر کے پاکستان سائنس و ٹیکنالوجی میں اہم پیش رفت کر سکتا ہے۔اس حوالے سے حکومت اعلیٰ تعلیم کے اداروں میں معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ ریسرچ کی اعلیٰ سہولیات کی فراہمی ممکن بنا رہی ہے تا کہ طالبعلم اپنے تخلیقی جوہر کو ڈویلپ کر کے فلاح انسانی میں اپنا حصہ ڈالیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت نے کالج ایجوکیشن کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کیلئے روڈ میپ تیار کر لیا ہے۔ آئندہ بجٹ میں کالجوں میں نئے کلاس رومز کی تعمیر اور سائنس و کمپیوٹر لیبز کی فراہمی کے ساتھ ساتھ دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کیلئے فنڈز مہیا کئے جائیں گے۔اس طرح اعلیٰ تعلیم کے شعبہ کوانٹر نیشنل جاب مارکیٹ کے مطابق ڈویلپ کرنے میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے سکولز ایجوکیشن کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے کیلئے انقلابی اقدامات کئے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ کوئی بچہ سکول سے باہر نہ رہے۔ہم ہر بچے کو تعلیم دلوا کر اسے پاکستان کا با فخر شہری بنائیں گے کیونکہ تعلیم بنیادی حقوق میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں تعلیم کے ساتھ ساتھ کردار سازی اور ہم نصابی سرگرمیوں پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں کی جانے والی تعلیمی اصلاحات کے مفید نتائج برآمد ہوئے ہیں اور تعلیمی شعبے میں حکومتی کامیابیوں کا اعتراف عالمی سطح پر بھی کیا گیا ہے۔بعد ازاں صوبائی وزراء رضا گیلانی اور رانا مشہود احمد خاں نے سائنس نمائش کا معائنہ کیا اور طالبات کی جانب سے لگائے گئے سائنسی ماڈلز کے اعلیٰ معیار کو سراہا۔اس موقع پر سائنس نمائش میں نمایاں کارکردگی کی حامل طالبات میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے گئے۔