ایشیائی ممالک کے اراکین پارلیمنٹ و مندوبین کے اعزاز میں چوہدری اعتزاز احسن کی جانب سے مقامی ہوٹل میں ظہرانہ

ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے اراکین و مندوبین نے مارگلہ پہاڑی پر وفاقی دارالحکومت کا نظارا کیا ظہرانے کے بعد وفود کا پارلیمنٹ ہاؤس میں نئے تعمیر ہونیوالے یادگار جمہوریت اور گلی ء دستور کا دورہ ،سینیٹ کی کارروائی بھی دیکھی

جمعرات 16 مارچ 2017 21:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2017ء) ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کی مجلس قائمہ اور خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے لیے موجود ایشیائی ممالک کے اراکین پارلیمنٹ و مندوبین کے اعزاز میں ایوان بالاء میں قائد حزب اختلاف چوہدری اعتزاز احسن نے مارگلہ پہاڑی پر قائم اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ظہرانہ دیا ۔ ظہرانے میں چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی ،قائد ایوان سینٹ سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق ، قومی اسمبلی میں قائد حز ب اختلاف خورشید شاہ کے علاوہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اراکین کی بڑی تعداداور سیکرٹری سینٹ امجد پرویز ملک نے شرکت کی۔

ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے اراکین و مندوبین نے مارگلہ پہاڑی پر اسلام آباد کا نظارا کیا اور دارالحکومت پاکستان اسلام آبادکی خوبصورتی کی تعریف کی ۔

(جاری ہے)

ظہرانے کے بعد وفود نے پارلیمنٹ ہاؤس میں نئے تعمیر ہونے والے یادگار جمہوریت اور گلی ء دستور کا دورہ کیا اور ایوان بالاء کے اجلاس کی کارروائی بھی دیکھی۔ قبل ازیں اے پی اے اراکین و مندوبین نے شکرپڑیاں میں قومی یادگار اور لوک ورثہ کا دورہ بھی کیا ۔

لوک ورثہ انتظامیہ نے وفود کو لوک ورثہ میں خوش آمدید کہتے ہوئے پاکستان کی ثقافت ، کلچر، رسم و رواج اور تہذیب و تمدن کے حوالے سے بنائی گئی مصنوعات ودستکاریوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وفود نے پاکستان کی ثقافت و کلچرکو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان تاریخی تہذیب و تمدن کی دولت سے مالا مال ہے اور کہا کہ پاکستان دنیا کے چند خوبصورت ممالک میں سے ایک ہے۔

وفود نے فیصل مسجد کا دورہ کیا اور فیصل مسجدکو پاکستان کا ایک قیمتی اثاثہ اور شاہکار قرار دیا۔ فیصل مسجد کی انتظامیہ نے وفود کو فیصل مسجد کی تاریخ و تزعین و آرائش پر بریف کرتے ہوئے بتایا کہ یہ شاہکار سعودی عرب کے شہزادے شاہ فیصل نے پاکستانی عوام کو تحفے میں بنوا کر دی تھی ۔وفد نے کہا کہ پاکستان سیاحت کے اعتبار سے دنیا میں ایک منفردمقام رکھتا ہے ۔