حسین حقانی لیکس پر تحقیقاتی کمیشن بنایا جائے ‘ وفاقی اور صوبائی حکومتیں تعلیم کو ترجیح دیں، تعلیم و تحقیق کا کام مضبوط اور مستحکم ہوگا تو ملک پائیدار ترقی کریگا

سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کا نمائش کی تقاریب سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو

جمعرات 16 مارچ 2017 21:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 مارچ2017ء) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حسین حقانی کے امریکی اخبار میں مضمون سے یہ امر عیاں ہوگیاہے کہ محلاتی سازشیں اور حکمرانوں کی اغیار و استعمار کی خدمات کے لیے ملک کو کس قدر نقصان پہنچایا جارہاہے ، حسین حقانی لیکس پر تحقیقاتی کمیشن بنایا جائے تاکہ قومی سلامتی کے خلاف کام کرنے والے چوہوں کو چوہے مار گولیاں کھلائی جائیں ۔

جمعرات کو الحمرا ء ہال میں ثریا اشفاق ماڈل سکول کی سالانہ تقریب اور غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کی الحمرا آرٹ گیلری میں نمائش کی تقاریب سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ آئین کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم کی بنیاد پر مردم شماری کاآغاز ہوگیاہے ۔

(جاری ہے)

وفاقی ، صوبائی حکومتیں اور نگران سیکورٹی فورسز اس امر کو یقینی بنائیں کہ جاری مردم شماری اعتماد اور قومی وحدت کا مظہر بن جائے۔

مردم شماری سے قومی اسمبلی ، صوبائی اسمبلی اور سینیٹ کی سیٹوں میں تو اضافہ نہیں ہونا لیکن آبادی کی بنیاد پر قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم اور حلقہ جات میں آبادی کے اعتبار سے مناسب نمائندگی ممکن ہو گی ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں تعلیم کو ترجیح دیں ۔ تعلیم و تحقیق کا کام مضبوط اور مستحکم ہوگا تو ملک پائیدار ترقی کرے گا ۔ حکومت خطاطی اور آرٹ کے فنکاروں ، ہنر مندوں کی سرپرستی کرے ۔ ہمارے ہنر مندوں میں عالمی معیار کی صلاحیتیں ہیں ۔