ایس ای سی پی کا ڈیفالٹ کرنے والے بروکرز کے خلاف ایکشن تیز ، بروکرز ، میسرز ایم آر سکیورٹیز کا برطانوی پاسپورٹ اور دیگر سفری دستاویزات حاصل کر لیں

جمعرات 16 مارچ 2017 21:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 مارچ2017ء) سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے صارفین کے سرمایہ میں بیضابطگیوں، بد عنوانیوں اور حصص کی قیمتوں میں ہیر پھیر کرنے کے مرتکب بروکروں کے خلاف ایکشن مزید تیز کر دیا ۔ ایس ای سی پی کے مطابق اس مقصد کے لئے سکیورٹیز کمیشن کی عالمی تنظیم، انٹر نیشنل آرگنا ئزیشن آف سکیورٹیز کمیشن ( آئیسکو) کے پلیٹ فارم کو مستعدی سے استعمال کررہا ہے اور اس تنظیم نے بھی ان کوششوں پر مثبت ردعمل دیا ہے۔

ایس ای سی پی نے ڈیفالٹ کرنے والے بروکر ، میسرز ایم آر سکیورٹیز کا برطانوی پاسپورٹ اور دیگر سفری دستاویزات بڑی تگ و دو کے بعد حاصل کر لی ہیں جو کہ برطانیہ کی فنانشل کنڈیکٹ اتھارٹی کو بھجوائی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

فنانشل کنڈیکٹ اتھارٹی برطانیہ کی کپیٹل مارکیٹ کا موثر ریگولیٹری ادارہ ہے۔ ایس ای سی پی نے ایف سی اے سے رابطہ کر کے پاکستان میں ڈیفالٹ کرنے والے بروکر ایم آر سکیورٹیز کے مالک مظہر رفیق کے خلاف غیر قانونی ڈیپازٹ وصول کرنے پر برطانیہ کے قانون کے مطابق کارروائی کرنے کی درخواست کی تھی۔

اس کے علاوہ ایس ای سی پی نے آئیسکو کے پلیٹ فارم سے کثیر ملکی مفاہمتی یاداشت کے تحت پاکستان میں ڈیفالٹ کرنے والے بروکر، ایس (Ace) سکیورٹیز کی تفصیلات کینیڈا کے سکیورٹیز ریگولیٹری ادارے کو بھجوا رہے ہیں۔ اس ادارے نے بھی ایس ای سی پی کی درخواست پر بہت مثبت جواب دیا ہے۔ علاوہ ازیں ایس ای سی پی نے ممکنہ طور پر ڈیفالٹ کرنے والے بروکروں کی معلومات وزارت داخلہ کو بھجوا دیں ہیں تا کہ ان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ پر ڈالے جا سکیں۔

مارکیٹ میں مالی بے ضابطگیوں کی روک تھام اور سرمایہ کاروں کے اثاثوں کو محفوظ بنانے کے مقصد کے تحت ایس ای سی پی سٹاک مارکیٹ اور اس سے منسلک شراکت داروں کی مکمل چھان بین کر رہا ہے تاکہ ایسے عوامل کی نشاندہی کی جا سکے جو کہ مارکیٹ میں مسائل کھڑے کر سکتے ہیں۔ اپنی انکوائریوں‘ تفتیشی کارروائیوں اور معائنوں سے متعلقہ ڈیٹا اور دیگر معلومات تک آسان رسائی کے لئے ایس ای سی پی نے وزات خزانہ کے ذریعے وزارت داخلہ سے استدعا کی ہے کہ اسے ٹیلی فون کالز کے ریکارڈ‘ کمپیوٹرائزد شناخت رکھنے والوں کے رشتہ داروں‘ ترک وطن‘ پاسپورٹس کے ریکارڈ اور متعلقہ ایجنسیوں کی مدد سے ڈیجیٹل فورینزک سہولتیں فراہم کی جائیں۔

ان معلومات اور ڈیٹا تک براہ راست رسائی حاصل ہونے سے ایس ای سی پی کی انفورسمنٹ رجیم اور سکیورٹیز کیشن کی عالمی تنظیم، آئیسکو کی جانب سے طے کردہ معیارات کے مطابق ہو جائے گی۔ ایس ای سی پی نے سٹاک مارکیٹ بارے گمراہ کن ریسرچ رپوٹوں کا نوٹس لے لیا۔(و خ )

متعلقہ عنوان :