بابر سہیل بٹ کے قتل کی تحقیقات میں اہم پیشرفت ،جیو فینسنگ کرکے تمام موبائل کالز کا ریکارڈ حاصل کر لیا گیا

ملزمان کو ہفتوں ، مہینوں میں نہیںدنوں میں گرفتار کرینگے،قابل گرفت شہادت ملی تو لیگی رکن قومی اسمبلی کو گرفتار کیا جائیگا‘ وزیر قانون ایف آئی آر میںوجہ دیرینہ دشمنی بتائی گئی ہے،پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کو ایف آئی آر کی کاپی بلاول بھٹو کو بھی دینی چاہیے تھی‘ رانا ثنا اللہ

جمعرات 16 مارچ 2017 21:35

بابر سہیل بٹ کے قتل کی تحقیقات میں اہم پیشرفت ،جیو فینسنگ کرکے تمام ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2017ء) پیپلز پارٹی کے رہنما بابر سہیل بٹ کے قتل کی تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے ،جیو فینسنگ کرکے تمام موبائل کالز کا ریکارڈ حاصل کر لیا گیا ،جبکہ صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ ملزمان کو ہفتوں اور مہینوں میں نہیںدنوں میں گرفتار کرینگے،اگر قابل گرفت شہادت ملی تو لیگی رکن قومی اسمبلی سہیل شوکت کو گرفتار کیا جائے گا ۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما بابر سہیل بٹ کے قتل کی تحقیقات کرنے والی ٹیم نے جیوفیسنگ کے ذریعے وقوعہ کے وقت کی جانے والی تمام موبائل فون کالز کا ریکارڈ حاصل کر لیا ہے ۔ذرائع کے مطابق کالزلوکیشن کے ذریعے مرکزی ملزم کی گرفتاری کر لئے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

دوسری طرف وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں توجہ دلائو نوٹس کاجواب دیتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ مقتول بابر بٹ پیپلزپارٹی کے ٹکٹ ہولڈر ز اورسیاسی کارکن تھے۔

سیاسی کارکن کے قتل کے ملزمان کو عدالت کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام اقدامات کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ مقدمے کے تانے بانے کسی اور طرف ملائے جارہے ہیں۔میںبھائی قیصر سہیل بٹ کی ایف آئی آر پڑھ کر سنا رہا ہوں جس میں وجہ دیرینہ دشمنی بتائی گئی ہے۔پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کو ایف آئی آر کی کاپی اپنے چیئرمین بلاول بھٹو کو بھی دینی چاہیے تھی ۔

انہوں نے کہا کہ مقتول پر اس سے پہلے بھی حملے ہوچکے ہیں اور دھمکیان بھی ملتی رہی ہیں،واقعہ کو سیاسی رنگ نہیں دینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ڈی ائی جی انوسٹی گیشن کی سربرائی میں ٹیم تحقیقات کر رہی ہے ،ملزمان کو ہفتوں اور مہینوں میں نہیںدنوں میں گرفتار کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ بابر بٹ قتل کیس میں لیگی ایم این اے سہیل شوکت کو قابل گرفت شہادت پر گرفتار کریں گے۔قانون سب کے لئے برابر ہے جو قانون کی خلاف ورزی کرے گا اسے گرفتارکریں گے ۔