Live Updates

پوچھتاہوںکہ ریفرنس کا فیصلہ آنے کے بعد ایاز صادق کو سپیکر رہنا چاہئے یا مستعفی ہوجانا چاہئے ، مجھے بلیک میل کرنے کی کوشش کی گئی ‘ جان بوجھ کر میرے کیس کو لٹکایا گیا ، ملک میں صرف نام کی جمہوریت ہے ‘ ہم نے نواز شریف سے جواب مانگا جو اپوزیشن کا حق ہے ‘ جمہوریت میں حکومت جوابدہ ہوتی ہے ‘ اپوزیشن کا فرض نبھایا تو میرے خلاف ریفرنس بھیج دیا گیا ‘ مریم نواز کو کس حیثیت میں وومن پارلیمنٹرینز کے اجلاس میں مہمان خصوصی کے طور پر بلایا گیا ‘ سپیکر قومی اسمبلی مریم کے ساتھ درباریوں کی طرح ہاتھ باندھ کر چل رہے تھے ‘ پورٹ قاسم کا 200 ارب کا کنٹریکٹ بزنس پارٹنر کو دیدیا گیا ‘ اس کی جائیداد بیرون ملک ہو اس کو وزیر اعظم نہیں بننے دینا چاہیے

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا پریس کانفرنس سے خطاب

جمعرات 16 مارچ 2017 21:08

پوچھتاہوںکہ ریفرنس کا فیصلہ آنے کے بعد ایاز صادق کو سپیکر رہنا چاہئے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 مارچ2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے بلیک میل کرنے کی کوشش کی گئی ‘ جان بوجھ کر میرے کیس کو لٹکایا گیا ہے ‘ سپیکر نے نواز شریف کی بجائے میرا ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیجا ‘ پوچھتا ہوں ریفرنس فیصلے کے بعد ایاز صادق کو قومی اسمبلی کا سپیکر رہنا چاہیے یا استعفیٰ دیدینا چاہیے، اس ملک میں صرف نام کی جمہوریت ہے ‘ ہم نے نواز شریف سے جواب مانگا جو اپوزیشن کا حق ہے ‘ جمہوریت میں حکومت جوابدہ ہوتی ہے ‘ اپوزیشن کا فرض نبھایا تو میرے خلاف ریفرنس بھیج دیا گیا ‘ مریم نواز کو کس حیثیت میں وومن پارلیمنٹرینز کے اجلاس میں چیف گیسٹ بلایا گیا ‘ سپیکر قومی اسمبلی مریم کے ساتھ درباریوں کی طرح ہاتھ باندھ کر چل رہے تھے ‘ پورٹ قاسم کا 200 ارب کا کنٹریکٹ بزنس پارٹنر کو دیدیا گیا ‘ جس کی جائیداد بیرون ملک ہو اس کو وزیر اعظم نہیں بننے دینا چاہیے۔

(جاری ہے)

وہ جمعرات کو پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پلے خدا کا شکر ادا کرتا ہوں خدا عزت دینے والا ہے۔ آج واضح ہو گیا کہ سچ کیا تھا اور جھوٹ کیا تھا۔ لوگوں کی ایشو کی سمجھ نہیں تھی۔ پانامہ کے معاملے پر پوری اپوزیشن نے نواز شریف سے جواب مانگا۔ نواز شریف نے جواب دیا تو اس میں تضادات سامنے آ گئے۔ عمران خان نے کہا کہ ہم نے سپیکر سے درخواست کی کہ نوا زشریف کے بیانات میں تضاد ہے اس کے خلاف ریفرنس بھیجو مگر سپیکر نے نواز شریف کی جگہ میرے خلاف ریفرنس بھیج دیا۔

میں اپنا اپوزیشن کا فرض ادا کر رہا تھا اس لئے مجھے انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں صرف نام کی جمہوریت ہے۔ حکومت اپوزیشن کے سامنے جواب دہ ہوتی ہے مگر یہاں اپوزیشن کو جواب طلب کرنے پر انتقام کا نشانہ بنایا جاتاہے تاکہ اپوزیشن کا منہ بند کیا جا سکے۔ خواجہ آصف نے کہاکہ میاں صاحب لوگ پانامہ کو بھول جائیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ حکومت نے مجھے بلیک میل کرنے اور میری آواز دبانے کی پوری کوشش کی۔

جمہوریت میں برطانیہ کے وزیر اعظم نے پارلیمنٹ آ کر جواب دیا۔ پانامہ لیکس کے حوالے سے مگر نواز شریف نے جواب نہیں دیا۔ عوام کا پیسہ چور ہو توحکومت سے جواب مانگنا ہمارا حق ہے اور حکومت پیسے کا غلط استعمال کرے تو اپوزیشن پوچھتی ہے۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ میں اپنے کمائے ہوئے پیسے کی منی ٹریل اور تمام دستاویزات الیکشن کمیشن میں جمع کر ادی ہیں مگر حکومتی وکیل پیش نہیں ہو رہا۔

کیس کو جان بوجھ کر لٹکایا گیا۔ شوکت نانم ہسپتال کی فنڈ ریزنگ مہم سے 17 سال پہلے لندن میں فلیٹ خریدا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے فلیٹ بیچنے کی سیل ڈیڈ بھی دکھائی ۔ میں نے بیرون ملک کرکٹ کھیل کر پیسہ کمایا تھا میں حکومت میں نہیں رہا تھا کہ منی لانڈرنگ سے پیسہ بناتا۔ میں تو کروڑوں روپے بیرون ملک سے پاکستان لایا۔ عمران خان نے کہاکہ اسحاق ڈار نے خود تسلیم کیاکہ وہ نواز شریف کیلئے منی لانڈرنگ کیا کرتے تھے۔

مریم نواز نے خو د کہا کہ میری ملک سے باہر کوئی پراپرٹی نہیں ہے پھر 2016ء میں پانامہ کیس سامنے آئے تو ان کو بھی تسلیم کرنا پڑا کہ ان کی ملک سے باہر جائیدادیں ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ میں سپیکر سے پوچھتا ہوں کہ تمہیں قومی اسمبلی کا سپیکر رہنا چاہیے یا استعفیٰ دیدینا چاہیے۔ میرا ایک روپیہ ملک سے باہر نہیں ہے میرا سارا پیسہ پاکستان میں ہے اور ویب سائٹ پر دیا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو کس حیثیت میں وومن پارلیمنٹرینز کے اجلاس میں مہمان خصوصی بلایا گیا اور سپیکر ایاز صادق انہیں درباریوں کی طرح ہاتھ باندھ کر لے کر جا رہے تھے۔ دوبئی میں 800 ارب ڈالر کی جائیداد خریدی گئی کیا اس کی انکوائری ہوئی۔ پاکستان کے ادارے ملک کی بجائے ایک خاندان کی خدمت کر رہے ہیں۔ …(رانا)
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات