ایف بی آر سوشل میڈیا پر مہنگی ترین شادی کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بیدار ہو گیا

شادی میں کروڑوں روپے کے اخراجات پر دلہا ، دلہن کے گھر والوں کو نوٹس بھجواتے ہوئے اثاثوں ، ٹیکس ادائیگی کی تفصیلات طلب

جمعرات 16 مارچ 2017 16:54

ایف بی آر سوشل میڈیا پر مہنگی ترین شادی کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بیدار ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2017ء) فیڈرل بورڈ آف ریو نیو سوشل میڈیا پر مہنگی ترین شادی کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بیدار ہو گیا ،ایف بی آر نے شادی کی تقریب میں کروڑوں روپے کے اخراجات پر دلہا اور دلہن کے گھر والوں کو نوٹس بھجواتے ہوئے ثاثوں اور ٹیکس ادائیگی کی تفصیلات طلب کر لیں۔تفصیلات کے مطابق ان دنوں ملتان میں ہونے والی ایک مہنگی ترین شادی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں والد نے اپنے بیٹے کی خواہش پوری کی اور دلہا اصلی شیر کے پنجرے پر سوار ہو کر لڑکی والوں کے گھر پہنچا ۔

ویڈیو کے مطابق لڑکے نے سر پر سونے کا سہرا پہناجو اسے اس کے پھوپھا نے تحفے میں دیا ۔ شادی میں 15ہزار مہمانوں کیلئے مختلف اقسام کے کھانوں کا اہتمام کیا گیا جبکہ دلہا کے دوستوںنے بارا ت پر لاکھوں روپے لٹا دئیے ۔

(جاری ہے)

ویڈیو کے مطابق لڑکی والوں نے بھی اپنے داماد کو نئی گاڑی ، دلہے کے بھائیوں کو نئی موٹر سائیکلیں جبکہ تین درجن سے زائد سونے کی انگوٹھیاں تحفے کے طور پر دیں جبکہ مجموعی طور پر 5کروڑ روپے مالیت کا جہیز دیا گیا ۔ اب بتایاگیا ہے کہ ایف بی آر نے دلہا اور دلہن والوں کو 24مارچ کے لئے نوٹسز بھیج کر تمام تفصیلات طلب کر لی ہیں جبکہ دونوں خاندانوں کا ذریعہ معاش ،جائیدادوں اور آمدنی پر ٹیکس کی ادائیگی کی تفصیلات بھی طلب کر لی ہیں۔