شہروں میں3 اور دیہاتوں میں4 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، عابد شیر علی

جمعرات 16 مارچ 2017 16:33

شہروں میں3 اور دیہاتوں میں4 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، عابد شیر علی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مارچ2017ء) وزیرمملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ رواں سال کے آخر میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیا جائے گا،پہلے 18 سی20گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی جو اب کم ہوکر شہروں میں3گھنٹے اور دیہاتوں میں 4گھنٹے ہورہی ہے،جن علاقوں میں کنڈہ سسٹم اور لائن لائسز ہیں وہاں پر لوڈشیڈنگ ختم نہیں ہوسکتی،اس وقت قومی گرڈ میں بجلی کی تنصیب گنجائش22601 میگاواٹ اور کم کردہ گنجائش21.041میگاواٹ ہے،2016ء میں103,968 جی ڈبلیو ایچ بجلی پیدا کی گئی ہے،وزیرمملکت برائے مذہبی امور پیرامین الحسنات نے کہا ہے کہ رویت ہلال کمیٹی 1974ء میں وجود میں آئی جب سے یہ کمیٹی بنی ہے اس کو اعتماد حاصل ہے پاکستان میں صرف ایک چھوٹا سا خطہ ہے جو دو عیدیں مناتا ہے باقی سب ایک ہی دن عید کرتے ہیں،حج کا جو 20فیصد کوٹہ ختم کیا گیا تھا وہ مل گیا ہے اور اس کوٹے کو سرکاری کوٹہ میں شامل کردیاگیا ہے۔

(جاری ہے)

2016ء میں حج انتظامات میں بڑی کامیابی حاصل ہوتی ہے لہٰذا2016ء کے خطوط پر وزارت حج2017ء کے بہترین انتظامات کرنے کیلئے کوششیں کر رہی ہے،وزارت میں ایک نصاب کی کمیٹی بنائی گوئی ہے جو لوگ پہلے حج کرچکے ہیں وہ رضاکارانہ طور پر دوسرے لوگوں کو حج کرنے کا موقع فراہم کریں تاکہ آئندہ قرعہ اندازی میں ان لوگوں کا نام آئے جنہوں نے پہلے حج نہیں کیا۔

ان خیالات کا اظہار وزیرمملکت برائے پانی وبجلی اور وزیر مملکت برائے مذہبی امور نے جمعرات کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں اراکین قومی اسمبلی کے سوالات کے جواب میں کیا۔عابد شیر علی نے کہا کہ342 فیڈرز ہیں جہاں پر لائن لائسز بہت زیادہ ہیں،خیبرپختونخوا میں لوگ قانونی طریقے سے میٹر لگوانا چاہتے ہیں تو ہم ان کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے،موجودہ حکومت نے نئی لائنیں بچھائی ہیں اور نئے گرڈ اسٹیشن بنائے ہیں،خیبرپختونخواہ میں لوگوں نے زیر زمین ٹرانسفارمر لگائے ہیں اور پورے دیہات کو چوری کی بجلی فراہم کر رہے ہیں،اس کی روک تھام کیلئے رینجرز اور پولیس کی مدد سے کارروائیاں کی ہیں اور جن علاقوں میں ولٹیج کم آتے تھے وہاں پر انفراسٹرکچر کو تبدیل کیا ہے۔

عابد شیر علی نے کہا کہ نوشہرہ اور چکدرہ میں گرڈ اسٹیشن 2017ء میں مکمل ہوجائے گا،جن علاقوں میں لوگ بجلی کا بل ادا نہیں کرتے وہاں پر کوئی ڈیویلپمنٹ نہیں کی جاتی اور جن علاقوں میں 90فیصد لائن لائسز ہوں وہاں پر فنڈنگ نہیں کی جاتی،بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کیلئے نئے گرڈ اسٹیشنوں کی تنصیب،اضافی ٹرانسفارمر،اوورلوڈ ٹرانسفارمروں کی طاقت میں اضافہ نئی ٹرانسمیشن لائنوں کی تعمیر ڈسکوز میں نظام کے دباؤ کا خاتمہ اوور لوڈ فیڈرز کو دو حصوں میں تقسیم کرنا اور ٹرانسفارمروں کی بحالی کی ورکشاپس کی اپ گریڈیشن کی جارہی ہے۔

پیرامین الحسنات نے کہا کہ حج کے حوالے سے مشاورتی عمل جاری ہے اور وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی میں مزید بہتری لانے کیلئے اپنی کوششیں کر رہے ہیں،حج پالیسی2017ء کو جمع کرانے اور منظوری کے بعد اس حوالے سے تمام تفصیلات بنائی جائیں گی ،حکومت نے فرقہ وارانہ فسادات سے نمٹنے کیلئے قومی علماء ومشائخ مجلس تشکیل دی ہے اور اس مجلس کے تحت دو کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں۔وزارت نے اذان اور نمازوں کے لئے یکساں اوقات کا ایک کلینڈر تیار کیا ہے جو اسلام آباد کی تمام مساجد کو فراہم کردیاگیا ہے اس سے عوام کے درمیان فرقہ وارانہ رواداری اور ہم آہنگی پیدا ہوگی