Live Updates

الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کریں گے ، عمران خان اور جہانگیر ترین نے استثنیٰ کے پیچھے چھپنے کی کوشش کی ہے،پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء اور رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 16 مارچ 2017 16:22

الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کریں گے ،  عمران خان اور جہانگیر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مارچ2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء اور رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ عمران خان اور جہانگیر ترین نے استثنیٰ کے پیچھے چھپنے کی کوشش کی ہے ۔ جمعرات کو الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ مذکورہ ریفر نس گزشتہ برس الیکشن کمیشن کے پاس آیا، کمیشن نے عمران خان اور جہانگیر ترین سے جعل سازی اور اثاثے چھپانے کے حوالے سے پو چھا ۔

انہوں نے کہاکہ دونوں نے اپنی چوری کا اعتراف کیا اور الیکشن کمیشن سے کہا کہ وہ اس حوالے سے جواب طلبی کے اہل نہیں ہے کیوں کہ یہ چوری انتخابات لڑنے سے قبل کی گئی تھی۔طلال چوہدری نے کہا کہ دونوں کے پاس جائیداد،کالے دھن اور ملازموں کے نام جائیداد کا حساب نہیں ہے، عمران خان اور جہانگیر ترین نے استثنیٰ کے پیچھے چھپنے کی کوشش کی ہے ۔

(جاری ہے)

عمران خان نے وزیر اعٖظم پر جھوٹے الزامات لگائے ہیں ،وزیراعظم 70 سال کا نہیں اپنی تین نسلوں کا حساب دے رہے ہیں، وزیر اعظم محمد نواز شریف نے اپنے مرحوم والد، بیروں ملک مقیم اولاد اور خود وزیر اعظم ہوتے ہوئے اپنی ذات کے لئے بھی استثنیٰ نہیں لیا۔

انھوں نے اپنے آپ کو کھلی عدالت کے سامنے پیش کر دیا ہے ، آج کا فیصلہ اداروں کی فتح ہے کیوں کہ کچھ دن قبل عمران خان جس ادارے کو گالیاں دیا کرتے تھے آج اسی کے فیصلے پر بغلیں بجا رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ابھی کھیل ختم نہیں ہوا الیکشن کمیشن میں ہماری پٹیشن باقی ہے ،ریفرینس پر تاریخ نہیں لگی جب تاریخ لگے گی تو عمران خان کو پتا لگ جائے گا۔ طلال چوہدری نے کہا کہ ہم قانونی حق رکھتے ہیں اور الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات