موسم گرما سے پہلے اپریل تک بجلی کی ترسیل میں حائل رکاوٹیں دور کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے ،ْقومی اسمبلی میں وقفہ سوالات

31 دسمبر 2018ء تک 10996 میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل کردی جائے گی ،ْبے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا حجم وقت کے ساتھ ساتھ مزید بڑھائیں گے ،ْ ملک میں اس وقت ایڈز کے 8133 مریضوں کا علاج ہو رہا ہے‘ حرم کی توسیع کے بعد حج کوٹہ میں ہونے والی 20 فیصد کٹوتی بحال ہوگئی ہے‘ 20 فیصد حج کوٹہ سرکاری سکیم کے تحت لوگوں کو حج کی سعادت کیلئے استعمال میں لایا جائے گا ،ْفیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ فائونڈیشن کی سکیموں میں دھوکہ دہی سے پلاٹوں کی منتقلی کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ،ْعابد شیر علی ،ْ ڈاکٹر درشن ،ْ رجب علی خان بلوچ ،ْوزارت ہائوسنگ کی جانب سے اراکین کے سوالوں کے جوابات فرقہ واریت کی روک تھام اور مذہبی آزادی کے فروغ کیلئے علماء و مشائخ کی قومی کونسل قائم کی گئی ہے ،ْوزارت مذہبی امور

جمعرات 16 مارچ 2017 14:55

موسم گرما سے پہلے اپریل تک بجلی کی ترسیل میں حائل رکاوٹیں دور کرنے میں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2017ء) قومی اسمبلی کوبتایاگیا ہے کہ موسم گرما سے پہلے اپریل تک بجلی کی ترسیل میں حائل رکاوٹیں دور کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے‘ 31 دسمبر 2018ء تک 10996 میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل کردی جائے گی ،ْبے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا حجم وقت کے ساتھ ساتھ مزید بڑھائیں گے ،ْ ملک میں اس وقت ایڈز کے 8133 مریضوں کا علاج ہو رہا ہے‘ حرم کی توسیع کے بعد حج کوٹہ میں ہونے والی 20 فیصد کٹوتی بحال ہوگئی ہے‘ 20 فیصد حج کوٹہ سرکاری سکیم کے تحت لوگوں کو حج کی سعادت کیلئے استعمال میں لایا جائے گا ،ْفیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ فائونڈیشن کی سکیموں میں دھوکہ دہی سے پلاٹوں کی منتقلی کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔

جمعرات کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران وزیر مملکت عابد شیر علی نے بتایا کہ اس وقت ملک میں قومی گرڈ میں بجلی کی گنجائش 22 ہزار 601 میگاواٹ ہے، 2008ء سے 2016ء تک ایک لاکھ 3 ہزار 968 گیگا واٹ فی گھنٹہ رہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ بجلی چوری میں ملوث لوگوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا گیا اور بنیادی ڈھا نچے کو تبدیل کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ نئی ٹرانسمیشن لائنوں کی وجہ سے ہماری استعداد بڑھی ہے، تمام ڈسکوز کو اہداف دیئے ہیں،ہماری کوشش ہے کہ اپریل تک تمام حائل رکاوٹیں دور کی جائیں اور بجلی کی زیادہ سے زیادہ فراہمی یقینی بنائی جائے ۔

عابد شیر علی نے بتایا کہ نوشہرہ میں 20 کے وی گرڈ بنانے کے لئے فنڈز دستیاب ہیں صرف اراضی کے حصول کا مسئلہ ہے، اگر یہ اراضی مل جاتی تو آج خیبر پختونخوا میں لوڈشیڈنگ نہ ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ چکدرہ میں گرڈ سٹیشن کے لئے 52 کروڑ روپے صوبائی حکومت کو دیدئے گئے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ یہ اسی سال میں مکمل ہو۔پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹر درشن نے بتایا کہ ہماری حکومت نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا بجٹ بڑھا کر سو ارب سے زائد کردیا ہے ، وزیراعظم قومی صحت پروگرام کا آغاز 31 دسمبر 2015ء کو شروع ہوا ،ْانہوں نے بتایا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کیلئے ایک معیار بنایا گیا تھا، وزیراعظم نے مستحق افراد کے علاج کیلئے سیل قائم کیا ہے ،ْوزیراعظم ہیلتھ انشورنس سکیم کے تحت مستحق افراد کا انتخاب بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے پی ایم ٹی کے غربت ڈیٹابیس کے زریعے کیا جارہاہے ، ان خاندانوں کا ڈیٹا نادرا کے ساتھ ٹیلی کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم ہیلتھ انشورنس سکیم کے تحت بلوچستان کے چار اضلاع میں صحت کارڈ تقسیم کئے جاچکے ہیں اور وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ اس کو پورے پاکستان تک پھیلایا جائے گا۔پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر درشن نے بتایا کہ اس وقت ملک میں 34 ہسپتالوں میں 8133 مریضوں کا علاج ہو رہا ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ہسپتالوں میں سہولیات ناکافی ہیں اور ان میں مزید بہتری کی گنجائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایڈز کے مرض کے ٹیسٹ کرانے میں ہچکچاہٹ حائل نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے اس تجویز کی حمایت کی کہ ایوان میں موجود اراکین پارلیمنٹ کے رضاکارانہ بلڈ ٹیسٹ کرائے جائیں۔پارلیمانی سیکرٹری قومی غذائی تحفظ و تحقیق رجب علی خان بلوچ نے بتایا کہ پاکستان دودھ پیدا کرنے والے ممالک میں نمایاں مقام رکھتا ہے، پاکستان میں دودھ دینے والے ایک کروڑ 26 لاکھ مویشی اور ایک کروڑ 37 لاکھ گائیں موجود ہیں۔

وزارت کی جانب سے وزارت خزانہ کو وائٹنر پر ڈیوٹی بڑھانے کی سمری بھجوائی ہے۔ ڈاکٹر درشن نے بتایا کہ پہلی بار موجودہ حکومت نے باہر سے آنے والے دودھ پر ڈیوٹی لگائی ہے ہم اس میں مزید اضافہ کے حق میں ہیں۔ پنجاب کی طرح دیگر صوبے بھی فوڈ اتھارٹیاں قائم کریں۔ اسلامی ملک ہونے کے باوجود پاکستان میں ملاوٹ کی روک تھام پر غور نہیں کیا گیا۔ ملک میں ملک پروسیسنگ کے 20 کارخانے ہیں۔

ان کے معیار کو چیک صرف فوڈ اتھارٹیز ہی کریں گی۔ پنجاب میں اس فوڈ اتھارٹی کے تحت ہزاروں ٹن مضر صحت دودھ تلف کیا گیا۔ وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر امین الحسنات شاہ نے بتایا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور تعصبات کے سدباب کے لئے ہم نے علماء کونسل تشکیل دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رویت ہلال کمیٹی بہتر انداز میں کام کر رہی ہے اس کو اجتماعی اعتماد حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ عازمین حج کو مزید سہولیات دیں گے، ایک بار حج کی سعادت حاصل کرنے والوں کو پانچ سال تک کے لئے درخواست نہ دینے کی پالیسی بنا رہے ہیں۔ 2017ء کا حج مزید بہتر ہوگا۔ حرم کی توسیع کی وجہ سے حج کے لئے 20 فیصد کوٹہ بحال کردیا گیا ہے، یہ کوٹہ سرکاری طور پر استعمال ہوگا اور زیادہ سے زیادہ سہولیات دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ حج میں کسی کا کوٹہ نہیں ہے، ہارڈ شپ کوٹہ کے تحت جو آتا ہے دیتے ہیں۔

وزارت پانی و بجلی کی جانب سے بتایا گیا کہ 2017ء میں 18 منصوبوں کی تکمیل ہوگی جن سے 7400 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی جبکہ 26 منصوبے 2018ء کے آخر تک مکمل ہونگے۔ وزارت ہائوسنگ و تعمیرات کی جانب سے بتایا گیا کہ پراپرٹی ڈیلرز کی بدعنوانیوں سے نئے سیکٹروں کے الاٹیوں کو بچانے کے لئے ہائوسنگ فائونڈیشن اخبارات میں اشتہارات جاری کرتی ہے‘ رجسٹرڈ ممبران کو ویب سائٹ پر الاٹمنٹ کے حوالے سے تازہ ترین اطلاعات دی جاتی ہیں۔

سکیم سے متعلق تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے ایس ایم ایس سروس بھی شروع کی گئی ہے جبکہ سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر گروپس بھی بنائے گئے ہیں۔ وزارت مذہبی امور کی جانب سے بتایا گیا کہ جنونی رویوں اور تعصبات کی روک تھام کے لئے سفارشات کا جائزہ لینا علماء‘ سکالر اور سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین کے ساتھ پریس کیلئے ضابطہ اخلاق اور فرقہ وارانہ بین المسالک ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کو ممکنہ خطرات سے بچنے کیلئے تجاویز دینا کونسل کی ذمہ داریوں میں شامل ہے ،ْاس کونسل نے مدارس کے نصاب پر نظرثانی علماء خطباء کی تربیت کا انتظام اور دعوة اکیڈمی کے نصاب پر نظرثانی وفاق کی سطح پر متحدہ علماء بورڈ قائم کرنے کی سفارش کی ہے ،ْ صوبوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اسی نوعیت کے بورڈ تشکیل دیں۔

یہ بورڈ قابل نفرت مواد کی نگرانی کریں گے۔