سندھ میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے مسلم لیگ (ن) کی حکومت ٹھوس اقدامات کر رہی ہے،چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ مفتاح اسماعیل کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

بدھ 15 مارچ 2017 23:38

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2017ء) چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ سندھ میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہاں کے لوگوں کی سہولت کے لیے کراچی حیدرآباد موٹروے، گرین لائن، پانی کے منصوبوں سمیت ٹھٹھہ میں 500 بستروں پر مشتمل ہسپتال بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت ہی مکمل کرے گی۔

(جاری ہے)

چیرمین سرمایہ کاری بورڈ کا کہنا تھا کہ ان منصوبوں کی تکمیل کے بعد صوبہ سندھ کے لوگوں کی کثیر تعداد ان سے مستفید ہو گی۔ ردی کے خاتمے کے لیے غیر ملکی کمپنیوں کو دئیے جانے والے کنٹریکٹ کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ غیر ملکی کمپنیاں جدید ترین ٹیکنالوجی کی حامل کمپنیاں ہیں جن کے یہاں کام کرنے سے مقامی لوگوں کے روزگار کے مواقع میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں ہے اور ملکی ترقی و خوشحالی کے حصول کے لیے توانائی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری رکھے ہوئے ہے۔ توانائی کے ان منصوبوں کی تکمیل ملک سے اندھیروں کے خاتمے کا سبب بنے گی۔