چھٹی مردم شماری کا افتتاح کر دیا گیا،عوام عملہ سے بھر پور تعاون کریں اور بلا خوف و خطر درست معلومات فراہم کریں،یہ پاکستان اور ہمارے مستقبل کے لیے بہت ضروری ہے،چیف کمشنر مردم شماری آصف باجوہ کی مختلف نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

بدھ 15 مارچ 2017 23:35

چھٹی مردم شماری کا افتتاح کر دیا گیا،عوام عملہ سے بھر پور تعاون کریں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2017ء) چیف کمشنر مردم شماری آصف باجوہ نے کہا ہے کہ چھٹی مردم شماری کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔عوام سے اپیل ہے کہ وہ مردم شماری کے لئے آنے والی ٹیم کے اراکین سے بھر پور تعاون کریں اور بلا خوف و خطر انہیں درست معلومات فراہم کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو مختلف ٹی وی چینلز سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں بین الاقوامی اصولوں کے عین مطابق مردم شماری کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری کا یہ عمل تین مختلف مراحل میں انعقاد پزیر ہوگا۔ چیف کمشنر کا کہنا تھا کہ مردم شماری بہت اہمیت کی حامل ہے اس لیے لوگوں کو بڑی ذمہ داری سے اس میں حصہ لینا چاہیئے اور جو بھی ریکارڈ مانگا جائے بالکل صیحیح دینا چاہیئے کیونکہ یہ پاکستان سمیت ہم سب کے مستقبل کے لیے بھی بہت ضروری ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے حوالے سے گھر کا سربراہ یا خاتون خانہ جواب دے سکتے ہیں، مردم شماری کے دوران افراد خانہ سے گھریلو افراد کے بارے میں آسان سے سوالات پوچھے جائیں گے جن کو صیغہ راز میں ہی رکھا جائے گا اور ان معلومات کوکسی آرگنائزیشن کے ساتھ شیئر بھی نہیں کیا جائے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلاکس چھوٹے ہوں یا بڑے، کم ہوں یا زیادہ ان سے فرق نہیں پڑے گا لیکن اگر خانہ شماری میں بلاک بڑا لگا تو 18 تاریخ کو کوریج کے لیے نئی ٹیم لگائیں گے۔

محمد آصف باجوہ نے مزید کہا کہ کسی فرد کی جانب سے جان بوجھ کر غلط معلومات بتائی گئیں تو نادرا سے اس کی تصدیق کرائیں گے اور غلط معلومات کی فراہمی یا ہمارے کام میں رخنہ ڈالنے کی صورت میں اس کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور یہ سزا جرمانہ بھی ہو سکتا ہے اور قید بھی اس لیے لوگ درست معلومات ہی فراہم کریں تاکہ صیحیح ریکارڈ اکٹھا کیا جا سکے۔