حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان فوجی عدالتوں پر ڈیڈ لاک برقرار

پیپلز پارٹی کا مزید مذاکرات نہ کرنے کا اعلان اب جو کچھ بھی ہو گا پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس کے بعد ہو گا، اعتزاز احسن

بدھ 15 مارچ 2017 21:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مارچ2017ء) حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان فوجی عدالتوں میں توسیع کے معاملے پر ڈیڈ لاک برقرار ہے، پیپلز پارٹی نے حکومت سے مزید مذاکرات نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔ بدھ کے روز اسلام آباد میں حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان فوجی عدالتوں میں توسیع کے معاملے پر مذاکرات کے دوران دونوں فریقین میں اس بارے اتفاق رائے نہ ہو سکا اور ایک بار پھر حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان فوجی عدالتوں میں توسیع بارے ڈیڈ لاک برقرار رہا۔

(جاری ہے)

مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے کہا کہ اس معاملے پر اب حکومت سے مزید بات چیت کا کوئی امکان نہیں ہے۔ اب جو کچھ بھی ہو گا پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس کے بعد ہو گا، حکومت پر منحصر ہے کہ وہ اس معاملے پر پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس کب طلب کر تی ہے۔ اعتزاز احسن کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر نے کہا کہ فوجی عدالتوں کے معاملے پر اب حکومت سے مزید مذاکرات نہیں ہوں گے۔ فوجی عدالتوں پر مزید بات پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں ہو گی۔۔( علی)