دمشق ،ْ دوخودکش حملوں کے نتیجے میں 30 افراد ہلاک ،ْ درجنوں زخمی

بدھ 15 مارچ 2017 23:32

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2017ء) شام کے دارالحکومت میں 2 خودکش حملوں کے نتیجے میں 30 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق شام کے دارالحکومت دمشق میں دو الگ مقامات پر خودکش حملوں میں 30 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ پہلا خودکش حملہ مرکزی عدالت کے احاطے میں ہوا جہاں بمبار نے عدالت کے اندر گھسنے کی کوشش کی تاہم اسے محافظ نے روکنے کی کوشش کی تو اس نے عدالتی احاطے میں جا کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں وکلا سمیت 30 سائلین ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

دوسرا خودکش حملہ دارالحکومت دمشق کے ہی علاقے ربوا کے ایک ریسٹورینٹ میں ہوا جہاں خودکش جیکٹ پہنے حملہ آور نے عمارت کے اندر گھس کر خود کو اڑالیا تاہم دھماکے کے بعد ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد کا علم نہ ہوسکا جبکہ حکام کے مطابق خودکش حملے میں درجنوں افراد زخمی ہیں جن میں سے کئی کی حالت نازک ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب دمشق پولیس چیف محمد خیر اسماعیل کے مطابق مرکزی عدالت کے دروازے پر فوجی یونیفارم میں مشکوک شخص کو گارڈ نے روکا اور اسے شناخت کیلئے کہاں تاہم خودکش بمبار محافظ کو زخمی کرنے کے بعد تیزی سے عدالتی احاطے تک پہنچ گیا جہاں اس نے خود کو دھماکے سے اڑالیا۔

واضح رہے کہ شام کے دارالحکومت دمشق میں حالیہ چند ہفتوں کے دوران خودکش حملوں میں تیزی آچکی ہے اور 13 مارچ کو قدیم قبرستان کے قریب دو دھماکوں میں 40 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

متعلقہ عنوان :