بلوچستان کے دوسرے بڑے صنعتی شہر حب اور ضلع لسبیلہ میں چھٹی خانہ ومردم شماری مہم کا آغاز ہوگیا

بدھ 15 مارچ 2017 23:30

لسبیلہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 مارچ2017ء) ملک کے دیگر علاقوں کی طرح بلوچستان کے دوسرے بڑے صنعتی شہر حب اور ضلع لسبیلہ میں چھٹی خانہ ومردم شماری مہم کا آغاز ہوگیا ہے آواران ملیشیاء حب کے کرنل اظہر محمود نے تحصیل آفس حب میں مردم شماری وخانہ شماری کے سلسلے میں تعینات کئے گئے عملے کو میٹریل حوالگی اور سیکیورٹی فراہمی کے بعد انھیں خانہ ومردم شماری سے متعلق ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ قومی جذبے کے ساتھ اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے اپنا قومی فریضہ ادا کریں انھوں نے کہا کہ خانہ ومردم شماری میں کام کرنے والے عملے کی سیکیورٹی کے حوالے سے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں اس سلسلے میں 1500سے زائد لیویز پولیس اور ایف سی کے جوانوں کی تعیناتی کے علاوہ ایف سی لیویز پولیس کی کوئیک ریسپانس ٹیموں کو بھی الرٹ رکھا گیا ہے جبکہ پاک فوج کے 80اور پاکستان کوسٹ گارڈ کے 50جوان بھی خانہ ومردم شماری مہم میں سرکاری ٹیموں کیساتھ سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں ایف سی حب کے کرنل اظہر محمود کا کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی حب کے ایریا میں 45شمارکنندہ گیارہ سپروائزر اور ایک سپرنٹنڈ نٹ کی نگرانی میں مردم شماری وخانہ شماری کا کام تیزی سے جاری ہے ہر ٹیم کے ساتھ دوپولیس اہلکار اور ایک ایف سی اہلکار ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں مجموعی طورپر ضلع لسبیلہ میں 49سرکل سپروائزر،248شمارکنندگان اور 16چارج سپرنٹنڈنٹ مقررکئے گئے ہیں . وزیر اعلی ٰ بلوچستان کی خصوصی ہدایت پر ضلع لسبیلہ میں خانہ ومردم شماری کے دوران سیکیورٹی کے بہترین انتظامات سے ڈیوٹی پر مامور عملہ اپنی ڈیوٹی خوش اسلوبی سے اور مطمئن ہوکر سرانجام دے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ایف سی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے خانہ ومردم شماری مہم کے دوران صورتحال کی مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول رومز بھی قائم کردیے ہیں اس سلسلے میں کنٹرول رومز کا عملہ مسلسل اعلی حکام کوخانہ ومردم شماری مہم کی صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ کرنے کے علاوہ محکمہ شماریات کے عملے سے بھی رابطے بھی قائم کئے گئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :