گورنر سندھ زبیر عمر سے بوہری کمیونٹی کے وفد کی ملاقات

بدھ 15 مارچ 2017 23:06

گورنر سندھ زبیر عمر سے بوہری کمیونٹی کے وفد کی ملاقات
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 مارچ2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ صوبہ با الخصوص کراچی میں امن و امان کے قیام کے بعد معاشی و سماجی سرگرمیوں میں تیزی سے خوشحالی کا دور شروع ہو رہا ہے ، تمام کمیونٹیز صوبہ کو اقتصادی و معاشی لحاظ سے مستحکم بنانے میں حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کررہی ہیں ان میں بوہری کمیونٹی تجارتی سرگرمیوں میں سرفہرست ہیں،وہ بدھ کو گورنر ہائوس میںبوہری کمیونٹی عمائدین کے وفدسے ملاقات کررہے تھے، وفد میں زبیر زکاوی ، سیف الدین زوم کاوالا، منصور حکیم الدین ، مستنصر پونا والا، نعمان احمد اور عمران امان شامل تھے۔

وفد نے گورنر سندھ کو صوبہ با الخصوص کراچی میں امن وامان کے قیام کے بعد معاشی سرگرمیوں کے مثبت نتائج ، معاشی مثبت اشاریئے ، تجارتی سرگرمیوں سے روزگار کے مواقع اور حائل مشکلات سے تفصیلی آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی ملک کا اقتصادی حب ہے جسے عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں مقام دلانے کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا اس ضمن میں وزیر اعظم کی معاشی پالیسیوں کے مثبت اشاریئے مل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ کی تکمیل سے صوبہ سمیت پورے ملک میں معاشی و اقتصادی انقلاب بر پا ہو گا جبکہ خطہ میں غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ میں بھی منصوبہ اپنی مثال آپ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بوہری ایک پرامن کمیونٹی ہے جس نے مشکل حالات میں بھی کراچی میں تجارتی سرگرمیوں کو جاری رکھا صوبہ میں بوہری کمیونٹی کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے ، اس برادری کے طبی مراکز عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کررہے ہیں۔ وفد کے اراکین نے گورنر سندھ کو حیدری میں واقع اسکول اور ٹریننگ سینٹر کے دورے کی دعوت دی جسے گورنر سندھ نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت جلد تعلیمی درسگاہ اور ٹریننگ سینٹر کا دورہ کریں گے۔

متعلقہ عنوان :