ہر قسم کی کرپشن کے خلاف آپریشن ردالفساد ہونا چاہئے‘پانامہ کیس میں ججوں پر دبائو نہیں ڈالنا چاہئے‘ ڈان لیکس کی تحقیقات سے قوم کو جلد آگاہ کیا جائے‘ فوجی عدالتوں میں توسیع کا نوٹیفکیشن فوری طور پر ہونا چاہئے

پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی کافیصل آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب

بدھ 15 مارچ 2017 22:54

ہر قسم کی کرپشن کے خلاف آپریشن ردالفساد ہونا چاہئے‘پانامہ کیس میں ..
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 مارچ2017ء) پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ ہر قسم کی کرپشن کے خلاف آپریشن ردالفساد ہونا چاہئے۔پانامہ کیس میں ججوں پر دبائو نہیں ڈالنا چاہئے۔ ڈان لیکس کی تحقیقات سے قوم کو جلد آگاہ کیا جائے۔ فوجی عدالتوں میں توسیع کا نوٹیفکیشن فوری طور پر ہونا چاہئے۔

فیصل آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا حکومت آپریشن ردالفساد کی مکمل طور پرسرپرستی نہیں کر رہی۔ حکومت کو اس کی کامیابی کے لئے مزید اقدامات کرنا چاہئیں۔ فوجی عدالتیں وقت کی اہم ضرورت ہیں ، فوری طور پر ان کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔ اب تک عدالتی اصلاحات نہ لانا پارلیمانی جماعتوں کی نااہلی ہے۔

(جاری ہے)

این جی اوز کے لوگ فوجی عدالتوں سے سزائیں پانے والے دہشت گردوں کی عدالتوں میں وکالت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سوشل میڈیا پر گستاخیوں کو روکنے میںبے بس ہو چکی ہے۔ وزارت داخلہ ، آئی ایس آئی اور ایف آئی اے کی مشترکہ ٹیم بنا کرپوری دنیا میں ایسی چیزوں کو روکنے کے معاہدے کئے جائیں۔ حافظ طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا سوشل میڈیا پر ایسی گستاخیوں کا مقصد ملک میں امن و امان کی صورت حال کو خراب کرنا ہے۔

فساد کا باعث بننے والے بھتہ خوروں اور قبضہ گروپوں کے خلاف بھی آپریشن ردالفساد کے تحت کارروائی کی جائے۔ پانامہ پر عدالت کے ہر فیصلہ کو تسلیم کرناچاہئے۔ ہم نے امریکہ کی اسلام مخالف پالیسیوں کی وجہ سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس میں دعوت ٹھکرائی۔ پریس کانفرنس میں مولانا محمد ادریس قاسمی ،مولانا ایوب صفدر، مفتی محمد شفیق قاسمی، قاری عبیداللہ گورمانی بھی موجود تھے۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے ڈپٹی کمشنر سلمان غنی اور میئر رزاق ملک سے بھی ملاقاتیں کیں۔

متعلقہ عنوان :