وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس، نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کیلئے سکل ڈویلپمنٹ پروگرام پر پیشرفت کاجائزہ

ہنرمند افرادی قوت معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے میں اہم کردارادا کرتی ہے،2018تک20 لاکھ نوجوانوں کو فنی تربیت دینے کے ہدف کی جانب تیزی سے بڑھ رہے ہیں، چھوٹے کاروبارمعیشت کی مضبوطی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، کاروبار کو فروغ دینے کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں ،وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف

بدھ 15 مارچ 2017 22:54

وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس، نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کیلئے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 مارچ2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت بدھ کو یہاں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند بنانے کیلئے سکل ڈویلپمنٹ پروگرام پر پیشرفت کاجائزہ لیا گیا،وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فنی تعلیم کا فروغ نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے لئے مددگار ثابت ہورہاہے ،ہنرمند افرادی قوت معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے میں اہم کردارادا کرتی ہے اور اسی اہمیت کے باعث پنجاب حکومت نے مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر مند افرادی قوت کی تیاری پر خصوصی توجہ دی ہے اورسکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت اب تک لاکھوں نوجوانوں کو ہنرمند بنایا گیاہے اورنوجوان ہنر سیکھ کر باعزت روز گار کما رہے ہیں-وزیر اعلی نے کہا کہ 2018تک 20 لاکھ نوجوانوں کو فنی تربیت دینے کے ہدف کی جانب تیزی سے بڑھ رہے ہیں-فنی تعلیم کے فروغ سے غربت اور بے روزگاری پر قابو پانے میں مدد مل رہی ہی- سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کو با مقصد انداز سے تیزی سے آگے بڑھایا جائے گا،اس ضمن میں متعلقہ اداروں کو فعال اورمتحرک انداز میں فرائض اداکرنا ہوں گی- انہوں نے کہا کہ ہنرسیکھنے والے نوجوانوںکو کاروبارکے مواقع فراہم کرکے بااختیار بنانا ضروری ہے اوراس مقصد کے لئے متعلقہ اداروں کو مل بیٹھ کر منصوبہ بندی کرکے فوری اقدامات کرناہوں گی-وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ اس حوالے سے آئندہ دوہفتے میں ٹھوس پلان مرتب کر کے پیش کیا جائی-انہوںنے کہا کہ زراعت، لائیوسٹاک اور دیگر شعبوں میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھانا وقت کا تقاضا ہے اورپیداواری صلاحیت بڑھانے کے لئے تربیت کا معیار بھی بہتر بنانا ہوگا- انہوںنے کہا کہ چھوٹے کاروبارمعیشت کی مضبوطی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں-چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو فروغ دینے کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں-سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت تربیتی پروگراموں کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن بھی ضروری ہے -پنجاب حکومت خود روزگار سکیم کے تحت نوجوانوں کو اپنے کاروبار شروع کرنے کیلئے بلاسود قرضے فراہم کررہی ہے -صوبائی وزراء شیخ علائوالدین، نغمہ مشتاق، مشیران ڈاکٹر اعجاز نبی ، ڈاکٹر عمر سیف، چیف سیکرٹری ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، چیئرمین ٹیوٹا، ایم ڈی پی وی ٹی سی ، متعلقہ سیکرٹریز اور اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی-