صوبائی وزیر آبپاشی سکندر حیات خان شیرپائوکی زیر صدارت ورکرز ویلفیئر بورڈ کی گورننگ باڈی کا اجلاس

بدھ 15 مارچ 2017 22:50

صوبائی وزیر آبپاشی سکندر حیات خان شیرپائوکی زیر صدارت ورکرز ویلفیئر ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 مارچ2017ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر آبپاشی و سماجی بہبود سکندر حیات خان شیرپائوکی زیر صدارت بدھ کے روز پشاور میں ورکرز ویلفیئر بورڈ کی گورننگ باڈی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری محنت اور چیئرمین ورکرز ویلفیئر بورڈ خیام حسن، ایڈیشنل سیکرٹری سوشل ویلفیئر عادل شاہ اور بورڈ کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔

اجلاس میں محنت کشوں کی بنیادی ضروریات ،ورکرز ویلفیئر بورڈ کے ملازمین کی تنخواہوں ، محنت کش طبقے کے بچوں کے تعلیمی وظائف، محنت کشوں کے فوتگی گرانٹس اور دیگر متعلقہ امور پر تفصیلی غور و خوض ہوا۔اس موقع پر بورڈ کو فعال بنانے اور محنت کشوں کی فلاح و بہبود کیلئے مختلف تجاویز کو زیر غور لایا گیا جبکہ ورکنگ فوکس گرائمر سکولوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے متعدد فیصلے بھی کئے گئے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ عوام کی آگہی کیلئے ورکرزویلفیئر بورڈ کے ریکارڈ کو آن لائن کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں تاکہ بورڈ کی کارکردگی کو زیادہ شفاف بنایا جائے۔ سینئر وزیر نے یقین دلایا کہ محنت کشوں اور ورکرز ویلفیئر بورڈ کو درپیش تمام مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔سینئر وزیر نے ورکرز ویلفیئر بورڈ کے بعض ملازمین کی ہڑتالوں کا حوالہ دیتے ہوئے سختی سے ہدایت کی کہ سکول ملازمین محنت کشوں کے بچوں اور طلباء کو اپنے ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کرنے سے گریز کریں اور بچوں کا قیمتی وقت ضائع نہ کریں بلکہ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے اپنے فرائض احسن طریقے سے نبھائیں۔

سینئر وزیر نے محکمہ محنت کے متعلقہ حکام کو بھی ہدایت کی کہ وہ ورکنگ فوکس گرائمر سکولوں کے ملازمین کی تنخواہوں کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :