جے یو آئی اسلام کی بقاء اور مدارس کی جنگ لڑ رہی ہے، کردار کو ختم کرنیوالے خود ختم ہو جائینگے،مولانا فضل الرحمن

ڈاکٹر بھی انسانیت کی خدمت کرکے خدمت خلق کا اعلیٰ فریضہ انجام دے رہے ہیں،فرقہ واریت ، لسانی تعصب اور منافرت کے خلاف علماء کو کردار ادا کرنا ہے عطیف الرحمان کی شمولیت سے جمعیت پشاور میںمزید طاقتور قوت کیساتھ ابھریگی، امیر جے یو آئی (ف) کا تقریب سے خطاب

بدھ 15 مارچ 2017 22:34

جے یو آئی اسلام کی بقاء اور مدارس کی جنگ لڑ رہی ہے، کردار کو ختم کرنیوالے ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2017ء) جمعیت علماء اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جے یو آئی اسلام کی بقاء اور مدارس کی جنگ لڑ رہی ہے، مدارس کے کردار کو ختم کرنیوالے خود ختم ہو جائینگے، ڈاکٹر بھی انسانیت کی خدمت کرکے خدمت خلق کا اعلیٰ فریضہ انجام دے رہے ہیں،فرقہ واریت ، لسانی تعصب اور منافرت کے خلاف علماء کو کردار ادا کرنا ہے عطیف الرحمان کی شمولیت سے جمعیت پشاور میںمزید طاقتور قوت کیساتھ ابھرے گی۔

جمعیت علماء اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان نے ان خیالات کا اظہارعالمی اجتماع کے پنڈال میں علماء مدارس کانفرنس ، تہکال میں عطیف الرحمان کی رہائش گاہ اور صوبائی سیکرٹریٹ میں صوبائی ڈاکٹرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سابق ایم پی اے عطیف الرحمان نے اپنے خاندان اور دوستوں سمیت جمعیت علماء اسلام میں شمولیت کا اعلان کیا، مدارس کنونشن ،شمولیتی تقریب اور ڈاکٹرز کنونشن سے مولانا گل نصیب خان ، سعید یوسف ۔

(جاری ہے)

شمس الرحمان شمس،مولانا شجا ع الملک، مولانا عطاء الحق درویش، مولانا عین الدین شاکر عبدالجلیل جان ، مولانا راحت حسین، مولانا رفیع اللہ قاسمی، عطیف الرحمان، حاجی غلام علی، مولانا خیر البشر، مفتی کفایت اللہ،مولانا امان اللہ حقانی ،ڈاکٹر حبیب خٹک ، ڈاکٹر جاوید نواب اور دیگر قائدین نے خطاب کیا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آزادی کی تحریکوں میں علماء ہر اول دستے کا کردار ادا کرکے قوم کو غلامی سے نجات دلانے کیلئے بیش بہا قربانیاں دی، انہوں نے کہا کہ آج بھی علماء اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے استعماری قوتوں کے خلاف نبرآزمائیں ہیں، علماء کے جرات مندانہ کردار کو ختم کرنے کے عزائم خاک میں ملا جائینگے، انھوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کی قوت مدارس دینی تحریکوں کی پشت پر ہے ہم اسلام اور ملک کے بقاء اور مدارس کی جنگ لڑ رہے ہیں، علماء کرام 7,8,9اپریل کے اجتماع میں پوری یکجہتی اور لگن کے ساتھ شرکت کرکے صہیونی قوتوں کے اسلام کے خلاف عزائم کو خاک میں ملادیں،ہم اپنے مقاصد اور اہداف کو حاصل کرنے کی جدوجہد کررہے ہیں، فرقہ واریت ، لسانی تعصب اور منافرت کے خلاف علماء کو کردار ادا کرنا ہے اور جمعیت علماء اسلام کے پلٹ فارم سے سازشوں کا مل کر مقابلہ کرنا ہے، تہکال بالا میں شمولیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عطیف الرحمان کی شمولیت جمعیت علماء اسلام کیلئے نیک شکون ہے اور پشاور میں جمعیت علماء اسلام مزید مضبوط ہو گی، انھوں نے کہا کہ عالمی اجتماع کے زریعے دنیا کو پیغام دینا ہے کہ پاکستانی قوم امن ، یکجہتی کا فروغ چاہتی ہے، اور اسلام کے دفاع پاکستان کی سا لمیت کیلئے جمعیت کے پلٹ فارم سے اپنا تن من قربان کرنے کیلئے تیار ہے، انھوں نے ڈاکٹرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حضرات کی دکھی انسانیت کی خدمت پر انھیں سراہتے ہوئے کہا کہ پیشہ وارانہ لحاظ سے ڈاکٹر خدمت خلق کا اعلیٰ فریضہ انجام دے رہے ہیں، اس موقوع پر ڈاکٹر حضرات نے 7,8,9اپریل کے اجتماع کیلئے مکمل تعاون اور خدمات کا اعلان بھی کیا۔