سی آئی اے پولیس پر فائرنگ کرنیوالے ملزمان کا گھیرا تنگ کر لیا ،جلد گرفتار کر لیے جا ئینگے،سی سی پی او لاہور

بدھ 15 مارچ 2017 22:20

لاہور۔15 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2017ء) کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے کہا ہے کہ پولیس نے سی آئی اے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کرنے والے ملزمان کے گرد گھیرا تنگ کر لیا ہے اور ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کی گرفت میں لائینگے، ظفر اقبال نے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کی خاطر اپنی جان جان آفریں کے سپرد کر دی۔

(جاری ہے)

کیس کی تمام پہلوئوں سے تفتیش کر رہے ہیں، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اطلاع ہوئی کہ تھانہ ٹبی سٹی کے علاقہ میں دو ملزمان بینک سے کیش لیکرنکلنے والے لوگوں سے گن پوائنٹ پر کیش چھینے کی وارداتیں کر ہے ہیں تو سی آئی اے کے اہلکار خفیہ ٹیم کی اطلاع پر موقع پر گئے تو ملزمان سے سامنا ہونے پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا جہاں پولیس اہلکار فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہو گئے،جن میں سے ظفر اقبال زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے،سی آئی اے اہلکاروں کی ٹیم کے پیچھے ایک دوسری بیک ٹیم موجود تھی،لاہور پولیس کے کسی بھی اہلکار نے پیٹھ پیچھے گولی نہیں بلکہ اس شہر کی سلامتی کی خاطر سینوں پرکھائی ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پولیس لائینز قلعہ گجر سنگھ میں گزشتہ روز ملزمان سے فائرنگ کے نتیجہ میں شہید ہونے والے سی آئی اے پویس اہلکار ظفر اقبال کی نماز جنازہ کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،نماز جنازہ میں ایڈیشنل آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز ، ایڈیشنل آئی جی ٹرینگ عثمان خٹک، ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن چوہدری سلطان ، ایس ایس پی انویسٹی گیشن غلام مبشر میکن، ایس پی سی آئی اے طارق مستوئی، ایس پی ہیڈ کوآرٹر عاطف نذیر و دیگر اہلکاروں نے شرکت کی، نمازہ جنازہ کے موقع پر شہید اہلکار ظفر اقبال کو پولیس اہلکاروں کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی اور بعد ازاں پویس افسران نے شہید کے جسد خاکی پر پھولوں کی چادر چڑھائی، شہید ظفر اقبال 30نومبر 1996کو محکمہ پولیس میں بطور کانسٹیبل بھرتی ہوئے اور مغلپورہ لاہور کے رہائشی تھے،شہید ظفر اقبال نے سوگواران میں بیوی، 2بیٹیاں اور ایک بیٹا چھوڑا ہے، شہید ظفر اقبال کی آخری تعیناتی پولیس لائنز تھی۔