وزیر اعظم کی طرف سے اسلام آباد کے دیہات کیلئے 63 کروڑ روپے دئیے گئے ہیں ‘ ا ن علاقوں میں پانی کی مشکلات کو حل کیا جائے‘ مردم شماری سے ملک کی آبادی کا علم ہو گا ، مستقبل میں منصوبہ بندی کی جائے گی ‘ معذور افراد کو مردم شماری میں شامل کیا جائے

تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اسد عمر کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے بات چیت

بدھ 15 مارچ 2017 19:09

وزیر اعظم کی طرف سے اسلام آباد کے دیہات کیلئے 63 کروڑ روپے دئیے گئے ہیں ..
اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 مارچ2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی طرف سے اسلام آباد کے دیہی علاقوں کے لئے 63 کروڑ روپے دئیے گئے ہیں ‘ اسلام آباد کے دیہی و شہری علاقوں میں پانی کی مشکلات کو حل کیا جائے‘ مردم شماری سے ملک کی آبادی کا علم ہو گا جبکہ مستقبل میں منصوبہ بندی کی جائے گی ‘ معذور افراد کو مردم شماری میں شامل کیا جائے ۔

بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ وزیر اعظم نے اسلام آباد کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کیلئے 63 کروڑ روپے دئیے ہیں اس سے اسلام آباد کے دیہی علاقوں سمیت شہری علاقوں کے عوام کے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ فنڈز کو صرف این اے 49 پر لگانا درست نہیں دونوں حلقوں میں برابر کی بنیاد پر فنڈز تقسیم کیا جائے تو بہتر ہو گا۔

(جاری ہے)

خصوصاً دیہی علاقوں میں لوگوں کو پینے کے پانی کی فراہمی سمیت صحت اور تعلیم کی سہولتیں وزیر اعظم کے دئیے گئے فنڈز سے ہوتیں تو بہتر ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے دیہی علاقوں کا سب سے بڑا مسئلہ پانی کا ہے جسے حل کیا جائے۔ سی ڈی اے کی طرف سے تربیلا ڈیم سے پانی کی فراہمی کے حوالے سے چاروں صوبوں سے اپنے اپنے حصے سے اسلا م آباد کو پانی کی فراہمی کے حوالے سے سندھ کے تحفظات تھے اب سندھ نے بھی پانی دینے کی حامی بھر لی ہے۔

امید ہے جلد اس منصوبے پر کام شروع ہو جائے گا جس سے اسلام آباد کے دیہی علاقوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی میسر آ سکے گی۔ انہوں نے کہاکہ مردم شماری سے ملک کی عوام کو آئندہ بجٹ میں آبادی کے تناسب سے فنڈز ‘ ترقیاتی فنڈز ملیں گے جبکہ مردم شماری سے مستقبل کی پلاننگ کی جائے گی اور ملک کی صحیح آبادی کا بھی علم ہو سکے گا۔ انہوں نے کہاکہ مردم شماری کے فارم میں معذور افراد کیلئے الگ خانہ بنایا جانا چاہیے تھا لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔ معذور افراد کی شماری کی جاتی تو بہتر تھا۔ …(رانا+ار)