پی ایس او کے گردشی قرضے بڑھ کر 272.3ارب روپے تک جا پہنچے ہیں،ملک میں2ہزار ایم ایم سی ایف ڈی گیس کا شارٹ فال ہے،سرکاری محکموں میں بدانتظامی،بے قاعدگیوں اور بدعنوانی کی84530مقدے سندھ ہائی کورٹ میں زیر التواء ہیں، مردم شماری کے بعد ملک بھر میں نئی انتخابی فہرستیں تیار کی جائیں گی ،آئندہ عام انتخابات میں زیادہ مقدار میں اضافی بیلٹ پیپرز نہیں دیے جائیں گے، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں آئل اور گیس کی تلاش کیلئے گزشتہ تین سالوں کے دوران مجموعی طور پر 37کنویں کھودے گئے ، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے شکار افراد کو قانونی مشورے کیلئے بنائی گئی ہیلپ لائن 1099 پر مئی 2015 سے جنوری2017تک 54919کالیں موصول ہوئیں

قومی اسمبلی میں وفاقی وزراء شیخ آفتاب ، زاہد حامد اور شاہد خاقان عباسی کے ارکان کے سوالوں کے جوابات

بدھ 15 مارچ 2017 19:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 مارچ2017ء) قومی اسمبلی کو آگاہ کیا گیا ہے کہ پی ایس او کے گردشی قرضے بڑھ کر 272.3ارب روپے ہو چکے ہیں،ملک میں2ہزار ایم ایم سی ایف ڈی کا شارٹ فال ہے،سرکاری محکموں میں بدانتظامی،بے قاعدگیوں اور بدعنوانی کی84530مقدے سندھ ہائی کورٹ میں زیر التواء ہیں، مردم شماری کے بعد ملک بھر میں نئی انتخابی فہرستیں تیار کی جائیں گی ،آئندہ عام انتخابات میں زیادہ مقدار میں اضافی بیلٹ پیپرز نہیں دیے جائیں گے، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں آئل اور گیس کی تلاش کیلئے گزشتہ تین سالوں کے دوران مجموعی طور پر 37کنویں کھودے گئے ، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے شکار افراد کو قانونی مشورے کیلئے بنائی گئی ہیلپ لائن 1099 پر مئی 2015تا جنوری2017تک 54919کالیں موصول ہوئیں۔

(جاری ہے)

بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں ارکان کے سوالوں کے جواب وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب ،وفاقی وزیر قانون زاہد حامد اور وفاقی وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے دئیے۔ رکن شیخ روحیل اصغر کے سوال کے جواب میں وزارت پیٹرولیم نے اپنے تحریری جواب میں ایوان کو آگاہ کیا کہ اس وقت ملک میں 8آئل ریفائنریز کام کر رہی ہیں جو مجموعی طور پر 414.660بی پی ڈی بیرل آئل یومیہ ریفائنری کی استطاعت رکھتی ہیں ، مالی سال 2015-16کے دوران پی او ایل مصنوعات کی کھپت تقریباً24ملین ٹن ہے جبکہ نصب شدہ 18.79ملین ٹن کی استعداد کے برعکس اس سال کی پی او ایل کی مقامی پیداوار تقریباً11.7ملین ٹن رہی۔

رکن سیما محی الدین جمیلی کے سوال کے جواب میں وزارت پیٹرولیم نے اپنے تحریری جواب میں ایوان کو آگاہ کیا کہ ملک بھر میں 17مقام پر 9652ملین ٹن کوئلے کے ذخائر موجود ہیں ۔رکن زیب جعفر کے سوال کے جواب میں وزارت پیٹرولیم نے اپنے تحریری جواب میں ایوان کو آگاہ کیا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں آئل اور گیس کی تلاش کیلئے گزشتہ تین سالوں کے دوران مجموعی طور پر 37کنویں کھودے گئے جس میں سے خیبرپختونخوا میں 10کنوئوں میں سے 7میں سے آئل اور گیس کی دریافت ہوئی جبکہ بلوچستان میں کھودے گئے سات کنوئوں میں سے 6میں ناکامی ہوئی جبکہ ایک کنواں کھودا جا رہا ہے ۔

مذکورہ عرصے کے دوران 333ایم ایم ایس سی ایف ڈی گیس اور 18259بی بی ایل ایس آئل نظام میں شامل کئے ۔ رکن شاہدہ رحمانی کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان اسٹیٹ آئل ( پی ایس او) کے اس وقت 272.3ارب گردشی قرضے ہیں جس میں سے پاور سیکٹر کے ذمے 231.2ارب جبکہ پی آئی اے کے ذمے 24.6ارب ، ایل این جی اور ایس این جی پی ایل کے ذمے 16.5ارب روپے ہیں ۔

رکن شیخ صلاح الدین کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ ملک میں مردم شماری شروع ہو گئی ہے ، مردم شماری کے اختتام پر الیکشن کمیشن ملک بھر میں نئی انتخابی فہرستیں تیار کرے گا ، الیکشن کمیشن سے درخواست کریں گے کہ نئی انتخابی فہرستوں میں غلطی کی گنجائش نہ ہو ۔ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کی فل کمیٹی کے ابھی تک 20اجلاس ہو چکے ہیں ، الیکشن بل حتمی مراحل میں ہے ، بہت جلد اس کو ایوان میں پیش کر دیں گے ۔

رکن پروین مسعود بھٹی کے سوال کے جواب میں شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے شکار افراد کو قانونی مشورے کے لئے ہیلپ لائن 1099کے عنوان سے ایک منصوبہ شروع کیا گیا ہے ، مئی 2015تا جنوری2017تک ہیلپ لائن پر 54919کالیں موصول ہوئیں جن میں سے 4704کالز موزوں تھیں جن پر 2426کیسوں کے معاملے پر قانونی مشورہ فراہم کیا گیا جبکہ 2278شکایتوں کے ازالے کیلئے متعلقہ محمکوں کو بھیجی گئی۔

رکن نگہت پروین میر کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں زیادہ مقدار میں اضافی بیلٹ پیپرز نہیں دیے جائیں گے۔ رکن محمد مزمل قریشی کے سوال کے جواب میں وزارت پیٹرولیم نے اپنے تحریری جواب میں ایوان کو آگاہ کیا کہ اس وقت ملک میں خام گیس کی موجودہ پیداوار 4ہزار ایم ایم سی ایف ڈی ہے جبکہ گیس کی طلب 6 ہزار ایم ایم سی ایف ڈی ہے ۔

ملک میں سی این جی اسٹیشنوں کی تعداد 3500ہے جن میں سے 2300سی این جی اسٹیشنز پنجاب میں ہیں ۔ رکن مسرت رفیق مہیسر کے سوال کے جواب میں وزارت قانون نے اپنے تحریری جواب میں ایوان کو آگاہ کیا کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران سرکاری محکموں میں بدانتظامی،بے قاعدگیوں اور بدعنوانی کے کیسز میں سے سندھ ہائی کورٹ میں بدعنوانی کے 76، احتساب کے 97 کیسز نمٹائے گئے جبکہ اینٹی کرپشن کورٹس کی جانب سے 1485،احتساب عدالتوں کی جانب سے 173کیسز نمٹائے گئے، سندھ ہائیکورٹ میں بدنظمی ، بے قاعدگی اور بدعنوانی کے 84530کیسز زیر التواء ہیں ۔ اسی طرح بلوچستان ہائیکورٹ میں بدنظمی ، بے قاعدگی اور بدعنوانی کے کل 97کیسز کا اندراج ہوا جن میں سے چار کیسز نمٹائے گئے ، 45کیسز زیر التواء ہیں ۔(رڈ)