سانحہ یوحنا آباد کید وسری برسی کے موقع پر دعائیہ و تعزیتی ریفرنس

اراکین صوبائی اسمبلی،کرسیچین و مسلم مذہبی رہنمائوں اور مسیحی برادری کی شرکت

بدھ 15 مارچ 2017 18:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2017ء) سانحہ یوحنا آباد میں ملک و قوم کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی ، اپنے پیاروں کی یاد اور ان سے بچھڑنے کا غم آج بھی ہم سب کے دلوں میں تازہ ہے، پاکستان میں بسنے والے تمام مسیحی اور دیگر اقلیتیں محب وطن پاکستانی ہیں جو ہمیشہ وطن کیلئے قربانیاں دیتی آئی ہیں اور آئندہ بھی مُلک کی سا لمیت و بقاء کی خاطر ہر قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گی ۔

دہشت گردی کی بزدلانہ کاروائیاں کرکے ملک کا امن تباہ کرنے والوں کو ہم سب پاکستانی متحد ہو کر شکست فاش دیں گے۔ان خیالات کا اظہار سانحہ یوحنا آباد کی دوسری برسی کے موقع پر سینٹ جان گرلز ہائی سکول یوحنا آباد میں منعقدہ دعائیہ تقریب و تعزیتی ریفرنس کے شرکا نے کیا۔

(جاری ہے)

رکن صوبائی اسمبلی شہزاد منشی اور شکیل کھوکھر، صدر ہیومن فرینڈز آرگنائزیشن ساجد کرسٹو فر ،فادر فرانسیس گلزار ،فادر عمانوئیل یوسف مانی ،بشپ عرفان جمیل،فادر شاہد معراج ،فادرارشاد اشکناز، ورلڈ کونسل برائے مذہبی امن کے جنرل سیکرٹری حافظ علامہ نعمان، علامہ اعجاز احمد نے تقریب میں شرکت کی اور شہداء و متاثرین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے سانحہ یوحنا آباد پر گہرے دُکھ اورافسوس کا اظہار کیا ۔

سانحہ کے شہدا کے اہل خانہء و متاثرہ خاندانوں ، کثیر تعداد میں آئے ہوئے مسیحی برادری کے رہنمائوں اور افراد کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہو ئے کیااس موقع پر مُلک کی ترقی ،خوشحالی اور امن کے لیے دُعائیں مانگیں ۔دُعائیہ تقریب کا اہتمام سینٹ جان گرلز ہائی سکول کی گراؤنڈ میں فادر فرانسیس گلزار اور ہیومن فرینڈز آرگنائزیشن نے کیاتھا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے شہزاد منشی اورشکیل کھوکھر، ساجد کرسٹوفر،پاکستان بھر کے گرجا گھروں کے بشپ وپادری حضرات،مذہبی و سیاسی رہنمائوں اور مسلم علماء کرام نے یوحنا آباد میں سینکڑوں شہریوں کی جان بچانے کیلئے دہشت گردوں کو روکنے والے کم سن نوجوان آکاش کی شہادت پر اسے خراج عقیدت پیش کیا اورکہا کہ یوحنا آباد سانحہ کے موقع پر مسلم کرسچین مذہبی و سیاسی رہنمائوں نے جس تدبر ،برداشت اور اتحاد کا مظاہرہ کیا اس کی مثال نہیں ملتی،اسی مذہبی ہم آہنگی اور اتحادو یگانگت کی وجہ سے دشمن کو فساد پھیلانے میں ناکامی ہوئی اور علاقے میں امن قائم رہا۔

انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری اپنے مسلم بھائیوں کے شانہ بشانہ ہر موقع پر دشمن کے مذموم عزائم کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوئی ہے۔