عمان ایئر کا نیروبی کے لیے پروازوں کا اعلان

پروازوں کے آغاز سے دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعلقات ،دوطرفہ تجارت کو بھی فروغ ملے گا،عبد الرحمان البسیدی

بدھ 15 مارچ 2017 17:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2017ء) سلطنت عمان کی قومی ایئرلائن عمان ایئر نے کینیا کے دارالحکومت نیروبی کے لیے پروازوں کا اعلان کردیا، اس بات کا اعلان عمان ایئر کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز میں کیا گیا، جاری کردہ اعلامیے کے مطابق مسقط سے کینیا کے دارالحکومت کے لیے ہفتے میں چار پروازوں کا اعلان کیا گیا ہے، جس کا باقائدہ آغاز 27مارچ 2017سے کردیا جائے گا۔

اس موقع پر عمان ایئر کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر و ایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ کمرشل عبدالرحمان البسیدی کا مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عمان ایئر کا یہ اقدام نیٹ ورک کے توسیعی پروگرام کا حصہ ہے۔البسیدی کا کہنا تھا کہ کینیا کے لیے پروازوںکا آغاز ہمارا اور ہمارے صارفین کا دیرینہ مطالبہ تھا جسے مکمل کرنے پر بے حد خوشی محسوس ہورہی ہے جس کا فائدہ صارفین کو ہوگا۔

(جاری ہے)

سروس سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ان پروازوں کے لیے بوئنگ 737-800جہازوں کو استعمال کیا جائے گا، جبکہ یہ پروازیں ہفتے میںچار دن پیر، منگل، جمعرات اور ہفتہ مسقط سے نیروبی کے لیے دوپہر1450پر روانہ ہونگی،جبکہ نیروبی سے ان کی آمد منگل، بدھ، جمعہ اور ہفتہ کے روز ہوگی۔ انھوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان شروع ہونے والی اس سروس سے نہ صرف دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان بہترین روابط استوار ہونگے بلکہ اس سے دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعلقات اور دوطرفہ تجارت کو بھی فروغ ملے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عمان ایئر کے تحت نیٹ ورک میں توسیع کا سلسلہ مسقتبل میں بھی جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :