Live Updates

اسلام آباد کے دیہی و شہری علاقوں میں پانی کی مشکلات کو حل کیا جائے ، مردم شماری سے ملک کی آبادی کا علم ہوگا اور مستقبل کی منصوبہ بندی میں مدد ملیگی، پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور رکن قومی اسمبلی اسد عمر کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 15 مارچ 2017 17:00

اسلام آباد کے دیہی و شہری علاقوں میں پانی کی مشکلات کو حل کیا جائے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے دیہی و شہری علاقوں میں پانی کی مشکلات کو حل کیا جائے ، مردم شماری سے ملک کی آبادی کا علم ہوگا اور مستقبل کی منصوبہ بندی میں مدد ملیگی ۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہرمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے اسلام آباد کے مختلف ترقیاتی منصوبوںکیلئے 63 کروڑ روپے دیئے ہیں، اس سے اسلام آباد کے دیہی علاقوں سمیت شہری علاقوں کے عوام کے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فنڈز کو دونوں حلقوں میں برابری کی بنیاد پر تقسیم کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے دیہی علاقوں کا سب سے بڑا مسئلہ پانی کا ہے جسے حل کرنے کی ضرورت ہے، سی ڈی اے کی طرف سے تربیلا ڈیم سے پانی کی فراہمی کے حوالے سے چاروں صوبوں سے اپنے اپنے حصہ سے اسلام آباد کو پانی کی فراہمی کے حوالے سے سندھ کے تحفظات تھے، اب سندھ نے بھی پانی دینے کی حامی بھرلی ہے امید ہے کہ بہت جلد اس منصوبے پرکام شروع ہوگا جس سے اسلام آباد کے دیہی و شہری علاقوں کو پانی کی فراہمی میسرآسکے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مردم شماری سے ملک کے عوام کو آئندہ بجٹ میں آبادی کے تناسب سے ترقیاتی فنڈز ملیں گے علاوہ ازیں اس سے مستقبل کی پلاننگ میں مدد ملیگی اورملک کی صحیح آبادی کا بھی علم ہوسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے فارم میں معذور افراد کیلئے الگ خانہ بنانا چاہئے تھا لیکن ایسا نہیں کیا گیا معذور افراد کی شماری کی جاتی تو بہتر ہوتا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات