مردم شماری کے حوالے سے سندھ ہی نہیں بلوچستان اور دیگر کے بھی تحفظات ہیں،دور کیا جانا چاہیے ‘ بلاول بھٹو

بدھ 15 مارچ 2017 14:49

مردم شماری کے حوالے سے سندھ ہی نہیں بلوچستان اور دیگر کے بھی تحفظات ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مردم شماری کے حوالے سے صرف سندھ ہی نہیں بلوچستان اور دیگر کے بھی تحفظات ہیںجنہیں دور کیا جانا چاہیے ، حکومت کی طرف سے آزادی اظہار رائے پر پابندی جمہوریت پر حملہ ہوگا اور اسکی بھرپور مخالفت کی جائے گی، نواز شریف سندھ میں آئیں ہم انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے سکیورٹی فراہم کی اور آئندہ بھی کریں گے لیکن پنجاب میں ہمارے ساتھ ان کا رویہ بالکل بھی جمہوری نہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سینیٹر کاظم خان مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری منظور، جمیل سومرو اور دیگر بھی انکے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو نے کاظم خان مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور ان کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی اور ان کی جمہوریت کیلئے خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مردم شماری انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور ہم امید رکھتے ہیں کہ یہ غیر متنازعہ ہو گی ۔ اس پر سندھ اور بلوچستان سمیت دیگر کے جو بھی تحفظات ہیں انہیں دور کیا جانا چاہیے ۔ سائبر کرائم بل کے حوالے سے سوال کے جواب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی پر پابندی تو جمہوریت پر حملہ ہے ، نواز شریف تین مرتبہ وزیر اعظم رہ چکے ہیں انہیں سوچنا چاہیے ، سوشل میڈیا آج پوری دنیا کا اثاثہ ہے ، اگر حکومت نے ایسا کوئی قدم اٹھایا تو اس کی بھرپور مخالفت کریں گے ۔

انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف سندھ آئیں ہم انہیں خوش آمدید کہتے ہیں اور انہیں سکیورٹی فراہم کریں گے لیکن مجھے سکیورٹی وجوہات کی بناء پر ملتان میں اپنا جلسہ منسوخ کرنا پڑا ، یہاں ہمارے کارکنوں اور آفس ذمہ داروں کو قتل کیا جارہا ہے جو بالکل بھی جمہوری رویہ نہیں ہے ۔علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری رہنمائوں کے ہمراہ اچھرہ میں پارٹی رہنما خالد سعید مرحوم کی رہائش گاہ بھی گئے اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔