گلگت بلتستان میں کام کرنے والے بینک عوام دوست پالیسیاں متعارف کرائیں،حافظ حفیظ الرحمن

بدھ 15 مارچ 2017 14:40

گلگت بلتستان میں کام کرنے والے بینک عوام دوست پالیسیاں متعارف کرائیں،حافظ ..
گلگت ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2017ء)وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے گلگت بلتستان میں کام کرنے والے بینکوں کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں کام کرنے والے بینک عوام دوست پالیسیاں متعارف کرائیں۔انہوں نے کہاکہحکومت بلاتفریق کارکردگی کی بنیاد پر تمام بینکوں سے تعاون کرے گی صوبے میں کام کرنے والے بینک عوام کیلئے عوام دوست پالیسیاں متعارف کرائیں۔

صوبائی سیکرٹری خزانہ کو ہدایت کی کہ بینکوں کے نمائندوں کی مشاورت سے بینکوں کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں، ڈیپازٹ کے حوالے سے واضح پالیسی وضع کرے۔ گلگت بلتستان میں سٹیٹ بینک کی وسعت کوجی بی کونسل کے اجلاس کے ایجنڈے میںرکھا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ جن بینکوں کے ریجنل دفاترصوبے میں موجود نہیں ہے انہیں سٹیٹ بینک کے قوانین کے مطابق ریجنل آفس کے قیام کا پابند بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

کرپشن کے نظام کے خاتمے کیلئے ڈاکومنٹیشن لازمی ہے تاکہ سوسائٹی سے کرپشن کے لعنت کا خاتمہ کیا جاسکے۔ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں وفاقی حکومت خصوصاً قائد عوام وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں ،صوبائی حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے کی ترقی کیلئے وسائل کی کمی نہیں ہے ہمارا مقصد گلگت بلتستان کو خود کفیل بنانا ہے۔

گلگت بلتستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور ترقی کے اس عمل میں ہم سب نے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ کھیلوں کے فروغ کیلئے گلگت بلتستان میں کام کرنے والے بینک اپنا تعاون یقینی بنائیں۔ حکومت فنی تعلیم اور ووکیشنل کے فروغ پر توجہ دے رہی ہے ،صوبے کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ صوبائی حکومت نے عوام کو چھوٹے پیمانے پر کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے وزیر اعلیٰ بلاسود قرضے متعارف کرائیں ہیں ۔ گلگت بلتستان میں کام کرنے والے بینک بھی عوام کی بہتری کیلئے عوام دوست پالیسیاں متعارف کرائیں۔