مردم شماری کے دوران غلط ڈیٹادینے والے کے خلاف کارروائی کی جائے گی،حافظ حفیظ الرحمن

بدھ 15 مارچ 2017 14:40

مردم شماری کے دوران غلط ڈیٹادینے والے کے خلاف کارروائی کی جائے گی،حافظ ..
گلگت ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2017ء) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ مردم شماری کے دوران غلط ڈیٹا دینے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی ،مردم شماری سے ملک ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے سینس کوآرڈینٹر محمد شفیق شاد کی جانب سے مردم شماری کے انتظامات کے حوالے سے دیئے جانے والی بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ 19 سال بعد مردم شماری کرائی جارہی ہے اس سے قبل 1998ء میں بھی مسلم لیگ ن کی حکومت نے ہی ملک میں مردم شماری کرائی تھی وسائل کی منصفانہ تقسیم کیلئے مردم شماری انتہائی لازمی ہے ،60 دنوں میں مردم شماری کا عمل مکمل کیاجائے گا ، مردم شماری کے عمل میں افواج پاکستان کا خصوصی تعاون حاصل ہے، صوبائی حکومت نے مردم شماری کیلئے درکار وسائل فراہم کئے ہیں بیرون ملک رہنے والوں کا اندراج بھی کیا جائے گا شکایات کے ازالے کیلئے کنٹرول رومز قائم کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

مردم شماری کے دوران غلط ڈیٹا فراہم کرنے والوں کو 6ماہ جیل اور 50ہزار روپے جرمانے کی سزا ہوگی لہٰذا عوام مردم شماری کے اس عمل کو شفاف بنانے کیلئے ذمہ داری کامظاہرہ کرتے ہوئے صحیح ڈیٹا فراہم کریں۔ اپنے گھروں میں فارم ’’ب‘‘ اور شناختی کارڈ کی کاپیاں رکھیں مردم شماری کے بغیر کسی بھی قوم کی تعمیر و ترقی کیلئے منصوبہ بندی ممکن نہیں ہوسکتی ہے مردم شماری کا یہ عمل ترقی کی ایک نئی بنیاد رکھے گا اس کو کامیاب بنانے کیلئے ہم سب نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہے تاکہ اس عمل کو شفاف بنایا جاسکے۔

مردم شماری کے اس عمل کو کامیاب اور شفاف بنانے کیلئے سیاسی نمائندے معاشرے کا لکھا پڑھا طبقہ اور میڈیا اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ مردم شماری کے حوالے سے آگاہی پیدا کی جاسکے۔ اس حوالے سے ممبران اسمبلی کو 22 مارچ کو خصوصی بریفنگ دی جائے گی۔۔وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے ملک کے دیگر صوبوں میں رہنے والے گلگت بلتستان کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ 18 مارچ سے 15مئی تک گلگت بلتستان میں اپنے علاقے میں آکر مردم شماری کے عمل میں اپنا اندراج کروائیں ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے مردم شماری کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :