پاک فضائیہ کے انجینئرز کا کارنامہ، 50ویں سی ون تھرٹی طیارے کی اوورہالنگ مکمل کرلی

تقریب کے مہمان خصوصی ایئر چیف مارشل سہیل امان نے مارچ پاسٹ کامعائنہ بھی کیا پاک فضائیہ اپنی کارکردگی کے لحاظ سے قوم کیلئے باعث فخر ہے،خطے میں طاقت کا تواز ن برقرار رکھے ہوئے ہیں،کسی چیلنج کی صورت میں پاک فضائیہ قوم کے اعتماد پر پورا اترے گی،ایئرچیف مارشل سہیل امان کا تقریب سے خطاب

بدھ 15 مارچ 2017 12:35

پاک فضائیہ کے انجینئرز کا کارنامہ، 50ویں سی ون تھرٹی طیارے کی اوورہالنگ ..
چکلالہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مارچ2017ء) پاک فضائیہ کے انجینئرز نے کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے 50 ویں سی ون تھرٹی طیارے کی مکمل اوورہالنگ کرلی ہے۔تفصیلات کے مطابق چکلالہ ایئربیس پر سی ون تھرٹی طیارے حوالے کرنے کی تقریب منعقد کی گئی جس میں پاک فضائیہ کے انجینئرز نے 50 ویں سن ون تھرٹی طیارے کی اوورہالنگ مکمل کی۔پی اے ایف بیس نورخان پر سی ون تھرٹی طیارے کی رول آئوٹ تقریب میں سربراہ پاک فضائیہ ایئرچیف مارشل سہیل امان تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

انہوں نے مارچ پاسٹ کا معائنہ بھی کیا ۔ سی 130 طیاروں کی مکمل اوور ہالنگ کا کام پہلی بار مکمل طور پر پاکستان میں کیا گیا ہے اور اس کی اوورہالنگ پاکستانی انجینیئرز کی فنی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ 50 واں سی130طیارہ کامیاب اوورہالنگ کے بعد پاک فضائیہ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

رول آٹ تقریب میں دوست ممالک کے ڈیفنس اتاشی بھی شریک ہوئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئرچیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ پاک فضائیہ دوست ممالک کو بھی تکنیکی تعاون فراہم کررہی ہے۔

سہیل امان کا کہنا تھا کہ سی130 طیاروں کی اوور ہالنگ سے پاک فضائیہ کی کارکردگی بہتر ہوگی،امن کی صورتحال کی بہتری کیلئے پاک فضائیہ بہترین کردار ادا کرے گا۔ایئرچیف مارشل نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ اپنی کارکردگی کے لحاظ سے قوم کیلئے باعث فخر ہے،پاک فضائیہ خطے میں طاقت کا تواز ن برقرار رکھے ہوئے ہے اور پاک فضائیہ کے تعلیمی ادارے بہترین تربیت دے رہے ہیں۔

پاک فضائیہ کے اہلکار بہترین صلاحیتوں کے حامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاک فضائیہ کے اہلکار اپنی محنت سے چیلنجز پر قابو پارہے ہیں اور کسی چیلنج کی صورت میں پاک فضائیہ قوم کے اعتماد پر پورا اترے گی۔انہوں نے کہاکہ طیاروں کی اوورہالنگ میں خود انحصاری اہم سنگ میل ہے اور پاک فضائیہ دوست ممالک کو بھی تکنیکی معاونت فراہم کررہی ہے۔

متعلقہ عنوان :